اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارتی وزیردفاع کے لائن آف کنٹرول کو عبور کرنے کی تیاری سے متعلق بیان کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا لائن آف کنٹرول کو عبور کرنے کی تیاری پر فخر کااظہار اشتعال انگیزہے، بھارت کی جنگجویانہ بیان بازی علاقائی امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہے اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک ماحول کو غیر مستحکم کر رہی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی حکام انتخابی مفاد کے لیے پاکستان کو گھسیٹنے کا رواج ختم کریں، بھارت کے سیاسی رہنماؤں اور اعلیٰ فوجی افسران کی جانب سے غیر اخلاقی بیانات کو روکنا چاہیے۔

