اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کیخلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کر دیا۔ سینیٹر سیف اللہ ابڑو کیخلاف نااہلی ریفرنس پارلیمانی لیڈر سینیٹر علی ظفر کی جانب سے دائر کیا گیا ہے، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سینیٹر عون عباس بپی نے سیکریٹری سینیٹ کو ریفرنس فائل کیا۔
دائر ریفرنس میں فلور کراسنگ پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ متن میں کہا گیا کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے27ویں آئینی ترمیم پر پارٹی ہدایت کے خلاف ووٹ دیا، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کا متفقہ فیصلہ کیا تھا۔
متن میں کہا گیا کہ پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی کی تحریری ہدایت کے باوجود 10 اور 15 نومبر 2025 ء کو سیف اللہ ابڑو نے 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا، پی ٹی آئی کی جانب سے سیف اللہ ابڑو کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، شوکاز نوٹس کا مقررہ مدت میں کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
متن میں مزید کہا گیا کہ پارٹی ہدایت کی خلاف ورزی پر آرٹیکل 63A لاگو ہوتا ہے، پی ٹی آئی نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو پارٹی سے منحرف قرار دے دیا۔ متن کے مطابق سیف اللہ ابڑو کیخلاف ریفرنس جلدازجلد الیکشن کمیشن بھیجنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔
سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا کہنا ہے کہ بنیادی نقطہ یہ ہے پی ٹی آئی نے27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کی ہی نہیں، علی ظفرکی لیڈر شپ سے بہتر ہے بندہ ڈی چوک پر جاکر دھرنا دے دے۔
میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ علی ظفر لیڈ کرنے کے قابل ہیں ہی نہیں، عون عباس بپی تو کسی پارلیمانی میٹنگ میں تھا ہی نہیں، عون عباس بپی نظر آتا تو کہتا کہ آ کہیں بیٹھتے ہیں کوئی فیصلہ کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے وزارت داخلہ کمیٹی کے چیئرمین کے لیے میرا نام دیا تھا۔
سیف اللہ ابڑو نے الزام عائد کیا کہ ہمارے بندوں نے حکومتی افراد سے مل کرمجھ سے کمیٹی چیئرمین شپ چھینی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان اور اعظم نذیرتارڑ سے مل کرکمیٹی چیئرمین شپ چھینی گئی، وہ پہلے ہی پاورکمیٹی میں مجھ سے تنگ تھے لہذا مجھے داخلہ کمیٹی نہیں ملنے دی، یہ سب کچھ عون عباس اور علی ظفرکی وجہ سے ہوا کہ حکومت سے مل کرہم سے کمیٹی چھینی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ علی ظفرہمیں احتجاج کا بتائیں گے جو جاکرخود ہی ان کے آفسز میں بیٹھے رہتے ہیں، فردوس شمیم نقوی میرے پیچھے پڑے رہے حالانکہ میں زرداری کا مخالف تھا۔سیف اللہ ابڑو نے کہا میں نے بدترین حالات کے باوجود پارٹی سے استعفا نہیں دیا،کون سا پارٹی کا رہنما ہے جو استعفا دے کرگیا اور پھر واپس پارٹی میں آگیا۔

