جولائی تا دسمبرٹیکس وصولی میں 335 ارب روپے کمی کا سامنا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے ٹیکس وصولی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ایف بی آر موجودہ مالی سال مسلسل پانچویں ماہ ٹیکس ہدف پورا کرنے میں ناکام ہوگیا، مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ٹیکس ریونیو میں 335 ارب روپے سے زائد کمی کا سامنا ہے۔

ذرائع ایف بی آر کے مطابق جولائی تا دسمبر 6 ہزار 489 ارب روپے ہدف کے مقابلے وصولی 6 ہزار 154 ارب رہی، جولائی 2025 ء کے سوا کسی مہینے ٹیکس ہدف پورا نہ ہوسکا، ماہ دسمبر میں بھی ٹیکس وصولی ہدف سے 25 ارب روپے کم رہی۔دسمبر میں 1446 ارب ہدف کے مقابلے میں 1421 ارب روپے ٹیکس وصولی ہوئی، دسمبر میں سب سے زیادہ 828 ارب روپے وصولی انکم ٹیکس سے ہوئی، سیلز ٹیکس وصولی 434 ارب روپے رہی، کسٹمز ڈیوٹی سے 123 ارب روپے حاصل ہوئے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے 72 ارب روپے سے زائد حاصل ہوئے۔

حکام ایف بی آر کے مطابق دسمبر میں ٹیکس ریفنڈز کی مد میں 38 ارب روپے ادا کیے گئے، سالانہ ٹیکس ہدف 14 ہزار 130 ارب سے کم کرکے 13 ہزار 979 ارب روپے کر دیا گیا، کارپوریٹ سیکٹر نے دسمبر کے آخری دن 305 ارب کی بڑی ادائیگیاں کیں۔ذرائع کے مطابق سالانہ ٹیکس ہدف پر نظرثانی آئی ایم ایف کی مشاورت سے کی گئی، آئی ایم ایف اگلے ہفتے ایف بی آر کی ٹیکس کارکردگی کا جائزہ لے گا۔

آمدن ہدف سے کم رہنے کے باعث اگلی سہ ماہی میں نئے ٹیکس اقدامات کا امکان برقرار ہے، شارٹ فال پورا کرنے کیلئے متبادل کے طور پر حکومتی اخراجات میں کمی کرنے کی تجویز ہے، حکومتی ٹیکس آمدن میں کمی سے بجٹ خسارے سمیت دیگر اہداف متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔