اسلام آباد:وزیراعظم نے بیرونی اور ملکی سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات دینے کے لیے سفارشات طلب کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے برآمدات کے شعبے کو خصوصی اہمیت دی جائے۔
نئے سال کے پہلے دن وزیراعظم کی زیر صدارت معیشت سے متعلقہ تمام وزارتوں میں جاری انتظامی، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری میں اضافے کی پیش رفت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ،مشیر رانا ثنا اللہ، معاون خصوصی ہارون اختر، تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز، نیشنل کوآرڈی نیٹرز، ایس آئی ایف سی کے حکام اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ تمام وزارتیں اپنے شعبوں سے متعلقہ بیرونی اور اندرونی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سفارشات جلد از جلد مرتب کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پیش کردہ اقتصادی اصلاحات پر مبنی معاشی گورننس کی پالیسی پر تمام وزارتوں کی طرف سے موثر عمل درآمد ناگزیر ہے،سرمایہ کاروں کی آسانی کے لیے ادارہ جاتی اور انتظامی سہولیات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے بیرونی اور ملکی سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات دینے کے لئے سفارشات طلب کرلیں اور ہدایت دی کہ سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے برآمدات کے شعبے کی ترویج کی تجاویز اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے، موثر معاشی اصلاحات اور مجموعی معاشی ترقی کے لیے تمام وزارتوں کی باہمی ہم آہنگی اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا باہمی تعاون کلیدی کردار رکھتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے متعلقہ وزارتیں دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے موثر تعاون کریں۔
سرمایہ کاری کے لیے پاکستانی سفارت خانوں میں سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات اور دیگر اہم معلومات کی ابتدائی آگاہی کو یقینی بنایا جائے، وزارتیں سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے صنعتی پیداوار، زراعت اور دیگر تمام اہم شعبوں پر یکساں توجہ دیں۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی صدارت میں حکومت کی اقتصادی انتظامی اصلاحات کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت کے جامع اقتصادی اصلاحاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے طریقہ کار پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں توانائی، سماجی شعبے اور گورننس سمیت مختلف اہم شعبوں میں اصلاحات اور ترقی کے اقدامات پر مشاورت کی گئی۔ اس دوران کمیٹی نے پلاننگ کمیشن اور متعلقہ وزارتوں کے کردار اور ذمہ داریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ زیادہ جامع اور مؤثر اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شمولیتی اور پائیدار معاشی ترقی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ حکومت اصلاحات کے عمل میں تمام شعبوں میں یکساں توجہ اور شفافیت کے اصول اپنائے گی۔

