خضدار: وڈھ میں جنگ بندی کیلئے مصالحتی وفد کی کوششیں جاری ہیں، چیف آف سراوان نواب اسلم خان رئیسانی کی قیادت میں مصالحتی وفد وڈھ پہنچ گیا۔
مصالحتی وفد میں نواب زادہ حاجی میر لشکری رئیسانی ، نواب زادہ رئیس رئیسانی اور دیگر شامل ہیں، ملاقات میں وڈھ میں جاری کشیدگی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔
مینگل کوٹ میں چیف آف سراوان نواب اسلم خان رئیسانی کی سردار اسد مینگل سے ملاقات ہوئی، گزشتہ روزنواب اسلم خان رئیسانی نے فریقین کو سیز فائر پر آمادہ کرلیا تھا۔
اس حوالے سے بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ وڈھ معاملے کو قبائلی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، معاملے کو وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو خود دیکھ رہیں ہیں۔
واضح رہے کہ تحصیل وڈھ میں قبائلی سرداروں سردار اختر مینگل اور شفیق الرحمان مینگل کے مابین بہت عرصے سے چلا آ رہا ہے جس میں اب شدت آگئی ہے، اسی تنازع کو حل کرنے کے لیے بلوچستان کے دیگر قبائل سردار وہاں پہنچے ہیں۔

