سحری کا درست وقت کیا ہے؟

سوال

رمضان میں صبح کی اذان کے بعد کھایا پیا جاسکتا ہے جب تک سورج نہ نکلا ہو؟

جواب

روزہ صبح صادق سے شروع ہوتا ہے اور  فجر کا وقت صبحِ  صادق کے تحقق کے ساتھ ہوتا ہے، سحری کرنے والوں کو  اس سے پہلے پہلے کھانا پینا بند کرنا ضروری ہوتا ہے، یعنی انتہائے سحر صبح صادق پر ہوتی ہے  اور صبحِ  صادق اس سفیدی کو کہا جاتا ہے جو مشرق کی جانب، سورج طلوع ہونے سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے پہلے آسمان کے کنارے پر چوڑائی میں یعنی شمالاً و جنوباً دکھائی دیتی ہے، اور جلد ہی پورے آسمان پر پھیل جائے، اس سے فجر کا وقت شروع ہوتا ہے، اور روزہ رکھنے والوں پر کھانا پینا حرام ہوجاتا ہے، یہی انتہائے سحر ہے؛ لہذا صورتِ  مسئولہ میں صبح صادق کے بعد سورج کے نکلنے سے پہلے تک بھی کھانا پیناجائز نہیں ۔ صبح صادق سے پہلے روزے کی نیت کرکے روزہ شروع کردیا تھا، پھر صبح صادق کے بعد جان کر کچھ کھایا پیا تو روزہ توڑنے کی وجہ سے قضا اور کفارہ دونوں لازم ہوں گے۔ دار الافتا جامعہ بنوری ٹاون کراچی