کراچی میں 35ویں نیشنل گیمز پاکستان آرمی کی برتری کے ساتھ ختم ہوگئے، اختتامی تقریب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر مہمان خصوصی تھے۔6 سے 13 دسمبر تک جاری رہنے والے نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب نیشنل بینک اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر بھی موجو تھے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سندھی اجرک اور ٹوپی کا روایتی تحفہ بھی پیش کیا۔آرمی نے مجموعی طور پر 353 میڈلز کے ساتھ قائداعظم ٹرافی جیتی، واپڈا کی 232 اور نیو ی کی 110 مجموعی میڈلز کے ساتھ دوسری اور تیسری پوزیشن رہی۔
گیمز میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی انعامات دیے گئے، آخر میں نیشنل گیمز کا فلیگ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے حوالے کیا گیا جہاں اگلے قومی گیمز منعقد ہوں گے۔

