Bagla

بگلا بھگت

ابوخنساء

بگلا خو ب صورت پروں اور لمبی چونچ والا ایک آبی پرندہ ہے۔ یہ قطب شمالی اور جنوبی کے علاوہ دنیا میں ہر جگہ دریاؤں، نالوں اور تالابوں کے نزدیک پایا جاتا ہے۔ کونج، سارس اورلم ڈھینگ اس کے قریبی رشتے دار ہیں۔
بگلے کی اوسط اُونچائی۰۴ انچ تک ہوتی ہے۔ بگلا ۵۱سے۰۲ سال تک زندہ رہ سکتا ہے۔اس کا زیادہ سے زیادہ وزن۵کلوگرام اور کم از کم وزن۰۱۲گرام ہوتاہے۔

بگلے کی آوازبہت تیز اور بھدی ہوتی ہے، تاہم یہ زیادہ تر خاموش رہنے والا پرندہ ہے۔ بگلا آبی گزرگاہ کے نزدیک اُونچے درختوں پر گھونسلے بنا کر رہتا ہے۔ اس کا گھونسلا کم از کم ۵۲میٹر کی بلندی پر بناتا ہے۔ اس کا گھونسلا بہت مضبوط ہوتا ہے اور ہوا کے تیز جھونکے بھی برداشت کر سکتا ہے۔ بگلا اُڑتے وقت اپنے پروں کوآہستہ آہستہ اوپر نیچے حرکت دیتا ہے اور یکساں رفتار سے بہت دور تک جا سکتاہے۔ تاہم خطرے کی حالت میں وہ۵۶کلومیٹر فی گھنٹے کی پرواز کرسکتا ہے۔

بگلا پانی کے کنارے یا کم گہرے پانی میں بے حس وحرکت گھنٹوں کھڑا رہتا ہے اور اسے دیکھ کر یوں معلوم ہوتا ہے جیسے کوئی بڑا بھلا مانس شخص خاموش رہ کر خدا کی یاد میں مستغرق ہے۔اب جونہی کوئی مچھلی اس ساکن شے سے مطمئن ہوکر اس کے نزدیک آتی ہے تو وہ نہایت پھرتی سے اسے چونچ میں پکڑ کر سالم نگل جاتا ہے اور پھر ویسے ہی ساکن کھڑا ہوجاتا ہے۔
اس کی اسی حرکت کی وجہ سے اسے طنزیہ طور پر بگلا بھگت (عبادت گزار) بھی کہتے ہیں۔ مجازا اس کے معنی ایسے شخص کے ہوئے جس کا ظاہر اچھا اور باطن برا ہو۔ یعنی وہ شخص جو ظاہر میں نیک اور شریف اور باطن میں شریر ہو۔

اچھا بگلے کو یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ پانی میں میرا عکس پڑ رہا ہے، اس لیے وہ اپنے عکس سے دوسری طرف نظر رکھتا ہے تاکہ اسے پانی کے نیچے حرکت کرتے ہوئے کیڑے اور مچھلیاں نظر آسکیں۔
بگلے کی کل۴۶اقسام ہیں جن میں درج ذیل چھے اقسام بہت مشہورہیں:

۱۔گولائتھ بگلا۔۲۔ سفید بگلا۔۳۔ سبز بگلا۔۴۔ عظیم نیلا بگلا۔۵۔ٹوپی والا بگلا۔۶۔خم دار بگلا
ان اقسام میں سے گولائتھ بگلا کی قسم سب سے بڑی اور سبز بگلے کی قسم سب سے چھوٹی ہے۔

گولائتھ بگلا:
یہ خاصا سست قسم کا بگلا ہے۔ یہ مچھلی کو پکڑ کر اسے کنارے پر رکھ دیتا ہے اوراگلے شکار کی تیاری کرتا ہے۔ اس دوران میں اکثر اس کا شکار عقاب لے اُڑتا ہے۔ یہ براعظم افریقہ کے صحرائی ممالک میں پایا جاتا ہے۔ تاہم اس کی کچھ ذیلی اقسام ایشیا میں بھی ملتی ہیں۔ اس کی گردن ہلکی سرخ جبکہ جسم کا رنگ گہر ا سرمئی ہوتا ہے۔

سفید بگلا:
یہ قسم بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش اور بھوٹان میں پائی جاتی ہے۔ سفید گردن اس کی خاص پہچان ہے۔

سبز بگلا:
یہ قسم صرف براعظم شمالی اور وسطی امریکا میں پائی جاتی ہے۔ اس کی خاص پہچان اس کی گہری نیلی لمبی چونچ اور سبز پر ہیں۔ اس کی ٹانگیں چھوٹی اور پیلی ہوتی ہیں۔

عظیم بگلا:
یہ قسم براعظم شمالی امریکا، وسطی امریکا، بحیرہئ کریبین کے جزیروں میں موجود دریاؤں اور گالا گوس جزائر میں پائی جاتی ہے۔ اس کی چونچ پیلی جبکہ سر گہرے سرمئی رنگ کا ہوتا ہے۔

ٹوپی والا بگلا:
بگلے کی یہ قسم براعظم جنوبی امریکا میں ملتی ہے۔ یہ زیادہ تر دلدلوں کے کنارے رہتا ہے۔ اس کا جسم سرخی مائل سیاہ اور چونچ نیلے رنگ کی ہوتی ہے۔
٭٭٭