Muskarahat Ke Phool

جواہرات سے قیمتی

مسکراہٹ کے پھول

انتخاب: سعید عزیز۔شاہدرہ لاہور

٭……بچہ (ماں سے): ”امی ہمارے برابر والے گھر میں نئے پڑوسی آئے ہیں۔ ان کے گھر ایئر کنڈیشنر بھی ہے۔“
ماں: ”ٹھیک ہے بیٹا!ہم ان سے تار لے لیں گے۔“

٭……ایک ماں اپنے بچے کو ماہر نفسیات کے پاس لے کر گئیں۔ بچے سے بہت سے سوالات کرنے کے بعد ماہر نفسیات نے کہا:
”بچے کی تحلیل نفس کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ بچہ لاشعوری طور پر عدم تحفظ کا شکار ہے۔“

ماں نے پریشان ہو کر کہا:”لیکن میں تو اسے اس لیے آپ کے پاس لائی تھی کہ اس کی وجہ سے پورامحلہ عدم تحفظ کا شکار ہے۔“
٭……ایک ماں اپنے شوہر کو بچے کی عادتوں کے بارے میں بتا رہی تھیں۔

”ہمارا بچہ بہت ذہین ہے۔ جب یہ چلتا ہے تو ایسا لگتا ہے جیسے کوئی بڑا افسر چل رہا ہو۔ مطمئن اتنا ہے جیسے ملک کا وزیر اعظم ہو۔ باخبر اتنا ہے جیسے وزیر اطلاعات و نشریات ہو۔ سمجھدار اتنا ہے جیسے قائد حزب اختلاف ہو۔“
شوہر نے کہا: ”اندازہ لگا کر بتاؤ کہ یہ جیل میں کتنا عرصہ رہے گا۔“

٭……ایک شخص کے دانتوں میں کیڑا لگ گیا۔ وہ ڈاکٹر کے پاس گیا اور کہا ”ڈاکٹر صاحب! میرے دانتوں میں شدید درد ہے۔“
ڈاکٹر: ”تم تین روز تک مسلسل چائے پاپے کھاؤ۔“
اس شخص نے دو روز تک چائے پاپے کھائے، تیسرے روز صرف چائے پی تو کیڑے نے باہر آکر جلتے ہوئے کہا:”کیوں!آج پاپے نہیں ہیں کیا؟“

٭…… ایک بوڑھا جنگل میں جا رہا تھا کہ اس کے سامنے ایک شیر آگیا۔
شیر نے اس سے کہا:”آہاہاہا! میں تمھارا خون پی جاؤں گا۔“
بوڑھے نے جواب دیا ”میرا خون مت پیو، میرے پیچھے ایک جوان آدمی آرہا ہے۔ اس کا خون گرم ہوگا۔ تم اس کا خون پی لینا۔“
شیر نے کہا ”نہیں! آج میرا کولڈ ڈرنک پینے کا موڈ ہے۔“

٭……دو دوست آپس میں بیٹھی بڑے خوشگوار موڈ میں باتیں کررہے تھے۔ ایک نے دوسرے سے کہا:”کاش میں وقت ہوتا، دیکھو نا بھئی تمام لوگ وقت کی کتنی قدر کرتے ہیں، ہر کوئی وقت کا غلام ہوتا ہے اور وقت کسی کے ہاتھ نہیں آتا۔“
”ہونہہ!“ دوست نے منہ بنا کر کہا: ”اگر تم وقت ہوتے تو لوگ تمھارے لیے اپنے گھروں کے دروازے بند کر لیتے۔“
”وہ کیوں بھئی؟“ پہلے دوست نے پوچھا۔
”لوگ کہتے کہ ہٹ جاؤ،بھئی دیکھو کتنا برا وقت آرہا ہے۔“
٭٭٭

جواہرات سے قیمتی

٭…… پریشانی حالات سے نہیں خیالات سے پیدا ہوتی ہے۔
٭…… یقین اور دعا نظر نہیں آتے مگر ناممکن کو ممکن بنادیتے ہیں۔
٭…… عظیم لوگ مرجاتے ہیں لیکن موت ان کی عظمت میں اضافہ کرتی ہے۔
٭…… انسان کے پاس صرف علم کا ہونا کافی نہیں، ادب کا ہونا بھی نہایت ضروری ہے، کیونکہ جس میں ادب نہیں اس میں علم نہیں۔
٭…… شیخی انسان کے دل میں چپکے سے پیدا ہوکر اسے تباہ کردیتی ہے اوراسے پتا بھی نہیں چلتا۔
٭…… دوست کے غم میں بغیر بلائے جاؤ اور دوست کی خوشی میں تب تک نہ جاؤ جب تک وہ بلائے نہیں۔
٭……سحر کے وقت ایسے پیغام بھیجو جن کی روشنائی آنسو ہوں، جن کے کاغذ رخسار ہوں،جن کی ڈاک قبولیت ہو، جن کا رخ عرش الٰہی کی طرف ہو پھر جواب کے منتظر رہو۔ (انتخاب: معلمات جامعۃ الحسنین للبنات۔ بستی خیرانوالہ۔ گڑھا موڑ)
٭٭٭