اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ وطن عزیز کی آدھی سے زیادہ بیوروکریسی پرتگال میں پراپرٹی لے چکی ہے اور شہریت لینی کی تیاری کر رہی ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا یہ نامی گرامی بیوروکریٹس ہیں، مگر مچھ اربوں روپے کھا کے آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ بزدار کا ایک قریب ترین بیوروکریٹ بیٹیوں کی شادی پر صرف چار ارب سلامی وصول کر چکا’ اب آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہا ہے۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ سیاستدان تو ان کا بچا کھچا کھاتے ہیں، ان کے پاس پلاٹ ہے نہ غیر ملکی شہریت کیونکہ الیکشن لڑنا ہوتا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارفین نے خواجہ آصف کے بیان پر شدید تنقید کی ہے۔ایک صارف ساجد خان نے لکھتے ہیں کہ ‘خواجہ صاحب آپ شاید بھول رہے ہیں آپ وفاقی وزیر ہیں، آپ کا کام قانون بنا کر غلط کو روکنا اور انہیں سزا دینا ہے، آپ صحافی نہیں کہ بس عوام کو بتا دیں اور فارغ ہو جائیں۔’ایک اور صارف راجا یاسر نے سوال اٹھایا، ‘خواجہ صاحب واحد مسلم ایٹمی طاقت کے وزیر دفاع ہیں، حکومت میں تگڑی پوزیشن رکھتے ہیں، اور پھر بھی ایسی بے بسی کیوں؟۔
عابد نامی سوشل میڈیا صارف نے خواجہ آصف کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا: ‘خواجہ صاحب آپ اس وقت حکومت میں ہیں، اس کرپٹ بیوروکریسی کا احتساب کریں، اگر کوئی قانونی رکاوٹ ہے تو مؤثر قانون سازی کریں، بدمعاش بیوروکریٹک سسٹم تبدیل کریں، آٹھ آٹھ کنال کے گھروں کو دس مرلہ مکان میں تبدیل کریں، سب ٹھیک ہو جائے گا۔