نااہل ارکان کی نشستوں پر کسی کو کھڑا نہیں کیا جائیگا، عمران

راولپنڈی:بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے جو لوگ نااہل ہوئے ہیں ان کی نشستوں پر کسی کو کھڑا نہیں کیا جائے گا ناجائز طریقے سے لوگوں کو نااہل کیا گیا۔یہ بات اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد عمران خان کی بہنوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

علیمہ خان نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے ایک بہن عظمیٰ خان کی بانی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات ہوئی، ہم تینوں بہنیں اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھیں، بانی نے بچوں کے پاکستان آنے کے بارے میں پوچھا ہے بانی منگل کے احتجاج پر بہت خوش ہوئے ہیں بانی نے ظلم و زیادتی دباؤ کے باوجود لوگوں کے احتجاج پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی کو بتایا گیا کے پی اور پنجاب میں بھی لوگ نکلے ہیں، بانی نے کہاوہ عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بانی نے کہا ماضی کے ڈکٹیٹرز نے اتنا ظلم نہیں کیا جو آج ہورہا ہے، بانی نے کہا یحییٰ خان نے اپنے اقتدار کیلئے ملک تقسیم کیا، آج بھی میڈیا کا گلا بند کردیا گیا، آزادی کیلئے قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ بانی نے اپنے ساتھ رویے پر کبھی کوئی شکایت نہیں کی، بانی نے احتجاج کیلئے 14 اگست کی نئی تاریخ دی ہے، بانی نے کہا ہے عوام کو حقیقی آزادی کیلئے کھڑا ہونا ہے، بانی نے کہا ملک میں رول آف لاء ختم ہوچکا ہے 14 اگست کو سب لوگ نکلیں، بانی نے اپنی لیڈر شپ کو بھی پیغام دیا ہے کہ جیلوں اور گرفتاریوں سے نہ ڈریں۔

علیمہ خان کے مطابق بانی نے کے پی حکومت کیلئے پیغام دیا ہے کہ آپریشن بند ہونا چاہیے، اپنے لوگوں کے خلاف آپریشن پی ٹی آئی کے خلاف نفرت پیدا کرنے کیلئے کیا جارہا ہے، مسئلے کو جرگوں کے ذریعے حل کرنا چاہیے، اگر علی امین گنڈا پور آپریشن نہیں روک سکتے تو انہیں سوچنا چاہیے کیا کرنا چاہیے۔

علیمہ خان نے کہاکہ منگل کو اڈیالہ جیل روڈ پر چار سو پولیس والے ٹیئرگیس لے کر کھڑے تھے، لوگوں کا خوف ٹیسٹ نہ کریں حکومت کا خوف ٹیسٹ کریں۔انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کا ٹرائل چھپا کے ہورہا ہے یہ ناجائز ٹرائل ہے، ہمارے وکلاء کہتے ہیں یہ ٹرائل بنتا ہی نہیں، یہ چاہ رہے ہیں اس کیس میں بھی جلدی سے سزا دے دیں۔

ہمارا صرف ایک وکیل سماعت میں پیش ہوتا ہے پراسیکیوشن کے دس دس لوگ پیش ہوتے ہیں، فیئر ٹرائل میں فیملی، میڈیا اور وکلاء موجود ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس والے خود ہمیں بتارہے تھے وہ بانی کے ساتھ کھڑے ہیں، مافیا اب اکیلل رہ گیا ہے، کوئی بات نہیں ارکان اسمبلی منگل کو نہیں آئے دوبارہ آئیں گے۔

علیمہ خان نے کہا کہ ہمارے لیڈرز کو نااہل کردیا گیا کئی ارکان کو سزا ہوئی ہے، الیکشن کمیشن کو جلدی ہے کہ سب کو نااہل کردیں، اب تو ستائیسویں اور اٹھائیسویں ترمیم بھی آرہی ہے، لوگوں کو دھمکیاں مل رہی ہیں ہمیں بھی دھمکیاں آرہی ہیں۔