اسلام آبادمیں بارش،نالے بپھر گئے،پانی گھروں میں داخل،وزیراعظم کانوٹس

اسلام آباد:اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کے باعث مارگلہ کی پہاڑیوں سے آنے والے پانی سے نالوں میں طغیانی آگئی جس سے مختلف علاقے زیر آب آگئے۔موسلادھار بارش سے نالوں میں طغیانی کے باعث بھارہ کہو، چک شہزاد اور دیگر علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

نیو چھٹہ بختاور میں بارش کے بعد گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، کئی گاڑیاں ڈوب گئیں، علاقہ مکین شدید مشکلات سے دوچار ہیں، متعدد افراد گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔امدادی سرگرمیوں کیلئے سی ڈی اے اور این ڈی ایم اے کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا، رضاکاروں کی مدد سے خواتین، بزرگوں اور شیر خوار بچوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ رات کی بارش سے راول ڈیم میں پانی کی سطح 1750.60 فٹ تک پہنچ گئی جس کے بعد ایک بار پھر اسپل ویز کھول دیے گئے۔ضلعی انتظامیہ نے تمام اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے متعدد علاقوں میں بارش کے بعد نالوں سے متصل رہائشی علاقوں میں سیلابی کیفیت کا نوٹس لے لیا۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کو لوگوں کو ریسکیو کرنے اور نکاسی آب اور ندی نالوں کے گرد و نواح میں نشیبی علاقوں میں مقیم آبادیوں کیلئے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے پانی سے پھیلنے والے امراض سے تحفظ کیلئے شعبہ صحت کو بھی ہائی الرٹ رہنے اور اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کردی۔وزیرِ اعظم نے سیلابی صورتحال اور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے و امدادی کارروائیوں کی نگرانی کیلئے کمیٹی قائم کردی۔

دریں اثناء وادی نیلم آزاد کشمیر میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنسے 10 سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، رات گئے بالائی وادی نیلم کے علاقے جمگر میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث سیاح پھنس گئے تھے۔

دوسری جانب ملک میں بارشوں کا ایک اور سپیل برسنے کو تیار ہے، محکمہ موسمیات نے پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ مظفر آباد میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک متاثر ہونے کا خطرہ ہے، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

شہر قائد کراچی میں آج بھی موسم ابرآلود رہنے کا امکان اور بوندا باندی متوقع ہے۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق شدید بارشوں کے باعث دریائے چناب اور جہلم میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔