کرک / پشاور : کرک میں فائرنگ ، 4 ایف سی اہلکار شہید ،پشاور میں انسپکٹر سمیت 3 قتل، خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے ایف سی اہلکاروں کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق کرک کے علاقے امان کوٹ توے میں تھانہ گرگری کی حدود میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے ایف سی اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ ایف سی اہلکار فیلڈ سیکورٹی کی ڈیوٹی پر مامور تھے اور گاڑی میں سوار ہو کر روانہ ہو رہے تھے کہ پہاڑ کی چوٹی پر پہلے سے گھات لگائے مسلح افراد نے اچانک حملہ کر دیا، شدید فائرنگ کے نتیجے میں 4 اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ شہید ہونے والے اہلکاروں میں لانس نائیک محمود شاہ، سپاہی شاہد، سپاہی رؤف اور ڈرائیور شاہ پور شامل ہیں، جو ایک کمپنی کی سیکورٹی پر مامور تھے۔واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے پہاڑی علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ شہید اہلکاروں کا تعلق لکی مروت اور ٹانک سے بتایا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرک میں دہشت گردوں کے حملے کو فتنہ الہندوستان کی کارروائی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ “لانس نائیک محمود شاہ، سپاہی شاہد، سپاہی رؤف اور ڈرائیور شاہ پور نے شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ ہم ان عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہدا کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
”وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو حملے میں ملوث دہشت گردوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کی۔ وزیراعلیٰ نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ “ہم اپنے محافظوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
”پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی خیبرپختونخوا کے علاقے کرک میں ایف سی اہلکاروں کی گاڑی پر دہشتگرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے ڈرائیور سمیت چار اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “شہید اہلکاروں کی بہادری، فرض شناسی اور قربانی ناقابل فراموش ہے۔ ہم ان کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیں گے۔”بلاول بھٹو نے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
دوسری جانب پشاور میں ورسک روڈ پرکار پرفائرنگ سے انسپکٹر سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق علاقہ دار منگی کے قریب 3 موٹرسائیکلوں پر سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔پولیس کے مطابق فائرنگ سے انچارج انوسٹی گیشن مچنی گیٹ انسپکٹر علی حسین اور 2 شہری جاں بحق ہوئے۔پولیس نے بتایا کہ تینوں افراد ایک ہی کار میں جا رہے تھے جب فائرنگ کی گئی۔لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور جائے وقوعہ سے اہم شواہد بھی اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔
