کل کا احتجاج کامیاب ہوا، بیرسٹر گوہر، لوگ کیوں نہیں پہنچے؟ سلمان اکرم

اسلام آباد / راولپنڈی: احتجاج کامیاب یا ناکام؟ پی ٹی آئی رہنمائوں میں اختلافات ، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کل کا احتجاج کامیاب ہوا، عوام سڑکوں پر آئی اور آواز اٹھائی، عوام نے ملک بھر میں احتجاج کر کے بانی پی ٹی آئی سے یکجہتی دکھائی۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مائیں بچوں کو ایسے دعائیں نہیں دیتیں جیسے 5 اگست کو عوام نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے دعائیں کیں۔ ملک بھر کے 170 اضلاع، تمام تحصیلوں اور یونین کونسلز میں بھرپور احتجاج ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ کل عوام نے ثابت کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایسا الیکشن کمیشن ہے جو خود اسٹے پر ہے، الیکشن کمیشن کے پاس ڈائریکٹ نوٹیفکیشن کرنے کا اختیار نہیں ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کو نااہل قرار دینا جمہوریت کے خلاف ہے، عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل، احمد بشیر سب کو نااہل کیا گیا، اگر پارلیمنٹ سے بھی آواز دبائی جائے تو پھر کہاں جائیں؟۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ جانے سے بھی روکا گیا، انصاف کا راستہ بند کیا جا رہا ہے، پاکستان تحریک انصاف سیاست میں تشدد نہیں، قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ وہ کل کے احتجاج میں لوگوں کی عدم شرکت پر پارٹی میں اور عمران خان سے بات کریں گے۔ اڈیالا جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کا ٹرائل مکمل طور پر غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، سائفرکیس میں بھی فیملی، میڈیا اور وکلا کو داخلے سے روک دیا گیا تھا، ہائیکورٹ کی واضح ہدایات ہیں ، اگرمیڈیا، وکلااور فیملی کو داخلہ نہیں دیاجاتا تو یہ اوپن ٹرائل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل احتجاج میں لوگ کیوں نہیں پہنچے پارٹی میں اس پر بات کرونگا، میں سمجھتا ہوں کل کا دن بڑی حد تک کامیاب رہا، احتجاج اس سے بہتر ہوسکتا تھا اور آئندہ ہوگا، لوگ کیوں نہیں نکلے اس پر عمران خان سے مشاورت کرینگے۔