دشمن کو سبق سکھانے کے بعد…!

بھارتی جارحیت کیخلاف پاک فوج کے فاتحانہ آپریشن بُنیان مَرصوص کے بعد کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک بھر میں عوام جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے اور مٹھائیاں تقسیم کیں، فوجیوں کو ہار پہنائے اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ عوام نے جنگ بندی کو پاک فوج کی جیت قراردیدیا۔ اسلام آباد میں بھی عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور فتح کا جشن منایا۔ کراچی میں بھی مختلف مقامات پر مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور شہریوں نے پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ زندہ دلان لاہور بھی سڑکوں پر نکل آئے، مٹھائیاں تقسیم کیں اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ شہریوں نے جگہ جگہ فتح کا جشن منایا۔ سول سوسائٹی نے استنبول چوک سے پنجاب اسمبلی تک فتح ریلی نکالی اور پاک فوج کو بھرپورخراج تحسین پیش کیا۔ کوئٹہ کے شہریوں نے بھی پاک فوج کی کامیابی پر مٹھائیاں تقسیم کی اور جشن منایا۔ سیالکوٹ میں عوام نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بارڈر سے آنے والے پاک فوج کے ٹینکوں اور اہلکاروں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

الحمد للہ ثم الحمد للہ بھارتی جارحیت کے خلاف اللہ تعالیٰ کی خاص مدد و نصرت اور اسی کی دی ہوئی ہمت سے پاکستان کی بہادر افواج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے جس جرأت، مہارت اور سرعت کا مظاہرہ کیا، وہ اب ہماری عسکری تاریخ کا ایک سنہری باب ہی نہیں بن چکا ہے، بلکہ اس نے ”مطالعہ پاکستان” کے مضمون میں نئے سرے سے جان ڈال دی ہے۔ ”آپریشن بنیان مرصوص” کی حیرت انگیز اور محیر العقول کامیابی نے نہ صرف بزدل و مکار دشمن کو پسپائی پر مجبور کیا بلکہ پوری پاکستانی قوم کو ایک بار پھر یہ پیغام دے دیا کہ جب پاکستان کی خودمختاری اور وقار کو چیلنج کیا جائے گا، تو اس کا جواب نہایت سخت، فوری اور فیصلہ کن دیا جائے گا اور اس میں ہماری بہادر مسلح افواج ایک لمحے کیلئے بھی کسی تردد اور شش و پنج سے دوچار نہیں ہوں گی۔ جب ہماری بہادر مسلح افواج اور ہمارے جری سپہ سالار نے اپنے عزم کو عمل میں ڈھال کر بزدل دشمن کو لمحوں میں عرش افلاک سے فرش خاک پر ڈھیر کردیا تو اس سے پوری قوم کے تن مردہ میں مسرت و شادمانی کی جان پڑ گئی، چنانچہ ملک کے طول و عرض میں آپریشن کی کامیابی پر بجا طور پر جشن کا سماں ہے اور پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ مل کر اس فتح پر بارگاہ خداوندی میں اظہار شکر و سپاس میں سجدہ ریز ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی رات گئے قوم سے خطاب کرتے ہوئے یوم تشکر منانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور امریکی صدر ٹرمپ، چین، ترکیہ، آزربائیجان، قطر، سعودی عرب امارات اور برطانیہ سمیت تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جنگ بندی میں مثبت کردار ادا کیا۔

یہاں اس امر کا تذکرہ ضروری ہے کہ بھارت کی جانب سے نہ صرف جارحیت کی گئی، بلکہ اب اطلاعات آرہی ہیں کہ جنگ بندی کے فوراً بعد ہی وہ معاہدے سے منحرف ہونے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر گولہ باری کرتے ہوئے بھارت نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مودی سرکار جو پاکستان سے ملی فوجی شکست میں اپنی سیاسی موت دیکھ کر امن عمل سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ بھارت کی یہ انحرافی روش نہ صرف امن کیلئے خطرہ ہے بلکہ خود اس کیلئے بھی خفت کا باعث بن چکی ہے۔ پاکستان کی جانب سے کی گئی جوابی کارروائی نہ صرف دفاعی تھی بلکہ اس میں حکمت، ٹیکنالوجی اور وقت کا بہترین استعمال شامل تھا اور اس سب نے مل کر بنیان مرصوص کو بزدل دشمن کیلئے قہر کا ایسا مجموعہ بنا دیا کہ وہ اس کی تاب نہ لاسکا اور محض چند گھنٹوں میں گھٹنوں پر آگیا۔ اس فاتحانہ کارروائی کے ذریعے پاکستان نے یہ دکھا دیا ہے کہ وہ کسی بھی بیرونی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور اپنی سرزمین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔ پاکستان کی یہ شاندار فتح صرف اہلِ پاکستان کی نہیں، بلکہ پورے عالمِ اسلام کی سربلندی کا پیغام بن کر ابھری ہے اور اس فتح سے بجا طور پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو روحانی اور ایمانی تقویت نصیب ہوئی ہے۔

دشمن نے ہمارے عزم، ہمارے ایمان اور ہماری طاقت اور تیاریوں کا غلط اندازہ لگالیا تھا، اندازے کی اسی غلطی کے باعث وہ پاکستان کو دیگر کمزور ہمسایہ ممالک کی طرح سمجھ کر جارحیت پر آمادہ ہوا تھا، چنانچہ پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد مودی ہٹلر اور نیتن یاہو کی طرح جنگی جنون میں اندھا ہو کر پاکستان کیخلاف نہایت نفرت انگیز اور معاندانہ اقدامات میں انتہا کی طرف بڑھا اور پاکستان اور دنیا کے سمجھانے کے باوجود خود سری اور زعم بالادستی میں اس حماقت کا ارتکاب کرکے ہی دم لیا، جس سے پاکستان گریز کا انتباہ کر رہا تھا، اب پاکستان کا صبر و ضبط جواب دے گیا تھا اور وقت تھا مودی اور اس کی جنگی جنون میں مبتلا کابینہ کو سبق آموز جواب دینے کا، چنانچہ ہماری شیر دل افواج نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے چند لمحوں میں بساط ہی الٹ دی، جس پر یقینا پوری قوم کو جشن منانے کا پورا پورا حق ہے۔

ان لمحات میں جب پوری قوم فتح کا جشن منا رہی ہے، چند حلقوں کی جانب سے یہ خبریں آ رہی ہیں کہ پاکستان کی جانب سے ایک خاتون انڈین پائلٹ کو گرفتار کیا گیا تھا، تاہم اب اس پائلٹ کو دنیا کے سامنے لانے سے روکا جا رہا ہے۔ اگر واقعی یہ خبر سچ ہے تو یہ پاکستان کی فتح کے وقار کو مجروح کرنے کی کوشش ہے بلکہ ایک جیتی ہوئی بازی کو شکست میں بدلنے کی سازش ہے۔ قوم اپنی سول اور عسکری قیادت سے بھرپور مطالبہ کرتی ہے کہ اگر ایسا کچھ ہے تو وہ کسی بھی بین الاقوامی دباؤ میں نہ آئے اور پائلٹ کی گرفتاری اور بھارت کے تباہ شدہ فوجی اہداف کے تمام ثبوت دنیا کے سامنے پیش کرے، قوم اس کی پشت پر ہے، بالخصوص جب بھارت جنگ بندی کی زبانی اور غیر رسمی مفاہمت سے انحراف کی راہ پر بھی گامزن ہے۔ بہرحال اس تاریخ ساز موڑ پر پوری قوم سپہ سالار قوم جنرل حافظ سید عاصم منیر کو سلام پیش کرتی ہے، جن کی ولولہ انگیز قیادت میں اس جہاد میں قوم کو فتح و ظفر مندی ملی۔ پوری قوم ان کے عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتی ہے۔ ساتھ ہی ہم ان تمام برادر و دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔ خاص طور پر ترکیہ اور چین کی غیر متزلزل حمایت قابل تحسین ہے۔ ہم یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی قوم ان کے اس تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ یہ وقت ہے کہ ہم قومی وحدت، سیاسی استحکام اور دفاعی خودمختاری کو مزید مضبوط کریں۔