پشاور: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان اپنی سر زمین پرافغان سرزمین سے دہشت گردی برداشت نہیں کرے گا،پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک خصوصاً افغانستان کے ساتھ امن چاہتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا اور اس دوران قبائلی عمائدین کے جرگے سے ملاقات بھی کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاک افغان سرحد پر امن واستحکام برقرار رکھنے کیلئے جاری انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس کے علاوہ پشاورکور ہیڈ کوارٹرز میں فیلڈ مارشل کو خطے کی موجودہ سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی عوام کی غیرمتزلزل حمایت کو سراہا اورحالیہ پاک افغان کشیدگی کے دوران سیکورٹی فورسزکے ساتھ تعاون پر قبائلی عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے بہادرعوام کی قربانیوں اور عزم کوسراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں پاکستان نے افغانستان کیساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے سفارتی اور معاشی اقدامات کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ افغان طالبان حکومت نے بھارتی سرپرست یافتہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کے بجائے انہیں ہرممکن سہولت فراہم کی۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان، بالخصوص خیبرپختونخوا کو دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے مکمل طور پرپاک کیا جائیگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قبائلی عمائدین نے آرمی چیف کے واضح مؤقف کو سراہا اور یقین دلایا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن واستحکام کیلئے پاک فوج کے ساتھ ہیں، فتنہ خوارج کی گمراہ کن سوچ کو قبائل میں کوئی پذیرائی حاصل نہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قبائلی عمائدین نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور افغان طالبان کے خلاف بھی واضح مؤقف اختیار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔

