PTI Flags

ایسا لگتا ہے آرمی چیف مجھے اپنا دشمن سمجھ رہے ہیں، عمران خان

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے آرمی چیف مجھے اپنا دشمن سمجھ رہے ہیں، میں کرپٹ نہیں آرمی چیف ہی میرے خلاف کوئی کرپشن کا کیس نکال لیں، ملک کی بہتری کے لیے آرمی چیف سے بات کرنے کو تیار ہوں۔

لاہور میں صحافیوں سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ میری اسٹیبلشمنٹ سے کوئی لڑائی نہیں، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ گھٹنے ٹیک دوں تو یہ نہیں ہوسکتا، اب کوئی بات کرنے کو تیار نہیں تو میں کیا کروں میں تو ملک کی بہتری کے لیے آرمی چیف سے بات کرنے کو تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں مجھ پر اور اہلیہ پر کرپشن کا ایک کیس بھی ثابت کر دیں، آرمی چیف ہی میرے خلاف کوئی کرپشن کا کیس نکال لیں، ایسا لگتا ہے آرمی چیف مجھے اپنا دشمن سمجھ رہے ہیں، ہماری اسٹیبلشمنٹ کو سمجھ نہیں ہے کہ سیاست کیا ہوتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پورا زور لگایا گیا کہ پرویز الہی میرا ساتھ چھوڑ دیں، اب ہم نے پرویز الہی کے ساتھ وفاداری دکھانی ہے، میں کسی کے ساتھ بے وفائی نہیں کرسکتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جان کے خطرے سے متعلق میری ریکارڈ شدہ ویڈیو موجود ہے، یہ ویڈیو بیرون ملک موجود ہے۔