اپوزیشن اتحادکاتحریک چلانے،پارلیمنٹ نہ چلنے دینے کا اعلان

اسلام آباد:تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے موقع پر ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا گیا،عوام سیاہ پٹیاں باندھ کر یوم سیاہ میں شریک ہونگے جبکہ عدالتوں میں وکلا کالی پٹیاں باندھ کرجائیں گے ۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ہنگامی اجلاس کے بعدمتفقہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔اعلامیے کے مطابق اسی ہفتے اسلام آباد میں قومی مشاورتی کانفرنس بلائی جائے گی اس کانفرنس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق27ویں ترمیم کی جعلی منظوری کے اگلے دن ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا اورعوام سے اپیل ہوگی سیاہ پٹیاں باندھ کر یوم سیاہ میں شریک ہوں اسی طرح وکلا عدالتوں میں کالی پٹیاں پہن کر اس کے خلاف احتجاج کرینگے۔

اعلامیہ کے مطابق ہم توقع رکھتے ہیں کہ عدلیہ کے باضمیر جج صاحبان تحفظات کا اظہار کرینگے۔اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں نیا عمرانی معاہدہ لایا جائے اورقومی مشاورتی اجلاس کے بعد ملک گیر جلسے جلوسوں کا اعلان کیا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق ہمیں عوامی رائے سازی کا آغاز کرنا ہے جس کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے اوراس مشاورت کو صرف اوپر کی سطح تک نہیں رکھیں گے بلکہ تاجر تنظیموں کو بھی اس مشاورت میں شرکت کی دعوت دیں گے اورہر عوامی رائے ساز سے درخواست ہے کہ اس پر خیالات کا اظہار کرے۔

اعلامیہ کے مطاق عدلیہ کا نظام منہدم کیا جارہا ہے وکلاکا اس مشاورت میں کلیدی کردار ہوگا، بار کونسل شرکت یقینی بنائے۔ اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج صاحبان سے وفد کی صورت میں ملاقات کرینگے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان محموداچکزئی نے تحریک چلانے اور پارلیمنٹ نہ چلنے دینے کا اعلان کیا اور کہا آج سے تحریک شروع ہے۔محمود اچکزئی نے کہا کہ رات ساڑھے8بجے سے نعرے شروع کردیں گے اور آج کا نعرہ ہوگا”ایسے دستور کو ہم نہیں مانتے”۔

مشترکہ پریس کانفرنس میں مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ستائیسویں ترمیم شخصیات کے فائدے اور نقصانات کو سامنے رکھ کر کی گئی ہے ، آئین کا شخصیات سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، اشرافیہ اپنے مفادات کیلئے آئین میں ترمیم کررہی ہے ۔

سینیٹر راجہ ناصر عباس نے کہا پارلیمنٹ اور عدلیہ کو تباہ کردیا گیا ہے، یہ ملک کو تباہی کی طرف لے کر جا رہے ہیں، اس ترمیم کا راستہ روکنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔