کراچی کو پانی سپلائی کرنے والے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے 72 انچ قطر کی دو لائنیں متاثر ہوگئی ہیں۔
متاثر لائنوں میں سے ایک 4 دن جبکہ دوسری 24 گھنٹے میں مرمت کے بعد پانی کی سپلائی کے قابل ہو جائے گی۔
ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق اطلاع ملنے پر واٹر بورڈ حکام نے موقع پر پہنچ کر متاثر لائنوں کا معائنہ کیا۔
واٹر بورڈ حکام کے مطابق متاثر لائن کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جارہا ہے۔
سی ای او واٹر بورڈ انجینئر سید صلاح الدین احمد کی متعلقہ افسران کو ہدایت پر لائنوں کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کردیا گیا ہے۔ چیف انجینئر بلک سکندر زرداری کے مطابق متاثرہ لائن نمبر ایک پی آر آر سی کا مرمتی کام اگلے 4 روز جبکہ لائن نمبر پانچ کا مرمتی کام اگلے 24 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔
چیف انجینئر بلک کے مطابق لائنوں کے متاثر ہونے کی وجہ سے کم پمپس چل رہے ہیں، کراچی کو پانی کی فراہمی متبادل پمس سے شروع کردی گئی ہے۔