آسان حج قدم بقدم

تحریر: مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی

:پہلی قسط
حضورانورِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کافرمانِ عالی شان ہے :’’جس نے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کی ،اس میں اس نے گالی گلوچ سے کام لیا اور نہ کسی فسق کا ارتکاب کیا تووہ گناہوں سے یوں پاک ہو جائے گاکہ جیسے نو زائیدہ بچہ ‘‘۔عازمین حج کو مبارک ہو کہ وہ عنقریب اللہ کے گھر کا حج اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے روضہ پاک کی زیارت کرنے والے ہیں ماشاء اللہ ۔عازمین کوحج وعمرہ سے متعلق احکامات آنے چاہئیں ،بس افادۂ عام کے لیے حج وعمرہ اداکرنے کے طریقے کو مکمل تفصیل کے ساتھ بیان کیا جارہا ہے جس سے امید ہے قارئین فائدہ اٹھائیں گے۔

حج کی اقسام
مخصوص اوقات میں چند مخصوص اعمال کی بجا آوری کے لیے بیت اللہ شریف کا ارادہ کرنے کوحج کہاجاتاہے۔حج کی تین قسمیں ہیں:(1) حج قران(2)حج افراد (3)حج تمتع۔پاکستانی حجاج عموماً حج تمتع کرتے ہیں ۔

احرام عمرہ کی نیت (فرض)
ائیر پورٹ پر احرام کی چادریں پہن لیں پھر دو رکعت نفل ادا کریں ، سلام پھیرنے کے بعد سر برہنہ کر لیں ، عمرہ کے احرام کی نیت کریں کہ میں اب عمرہ کا احرام باندھتا ہوں ،نیت دل کے ارادے کا نام ہے اور زبان سے بھی نیت کے یہ الفاظ کہیں :اَللّٰھُمَّ اِنِّیْٓ اُرِیْْدُ الْعُمْرَۃَ فَیَسِّرْھَا لِیْ وَتَقَبَّلْھَا مِنِّیْ طترجمہ :اے اللہ !میں عمرہ کا ارادہ کرتاہوں ،اس کو میرے لیے آسان فرما اور اس کو میری طرف سے قبول فرما۔اس کے بعد تلبیہ پڑھیں۔لَبَّیْکَ اَللّٰھُمّ لَبَّیْکَ ط لَبَّیْکَ لَا شَرِیْکَ لَکَ لَبَّیْکَ اِنَّ الْحَمدَ وَالنِّعْمَۃَ لَکَ وَالْمُلْکَ لَاشَرِیْکَ لَکَ ط
ایک مرتبہ تلبیہ پڑھنا ضروری اور تین مرتبہ سنت ہے ۔مرد بلند آواز سے اور خواتین آہستہ آواز سے پڑھیں، تلبیہ کے بعد درود شریف اور یہ دعا پڑھنا بھی مستحب ہے : اَللّٰھُمَّ اِنِّیْٓ اَسْئَلُکَ رِضَاکَ وَ الْجَنَّۃَ وَ اَعُوْذُ بِکَ مِنْ غَضَبِکَ وَ النَّارِ۔ اے اللہ میں آپ سے آپ کی خوشنودی اور جنت مانگتا ہوں، آپ کے غصہ اور دوزخ سے پناہ مانگتا ہوں ۔اب آپ کا احرام بندھ گیا اورآپ پر احرام کی پابندیاں لگ گئیں،اِحرام چادروں کا نام نہیں بلکہ نیت کر کے تلبیہ پڑھنے کا نام ہے ۔ یہ چادریں احرام کا لباس کہلاتی ہیں۔نیز نیت اور تلبیہ اس وقت پڑھیں جس وقت جہاز پرواز کر جانے کا یقین ہو جائے ۔

خواتین کے احرام کا طریقہ
خواتین بھی غسل کر کے سلے ہوئے کپڑے جس رنگ کے چاہیں پہن لیں، اوپر کوئی ڈھیلا عبا یا پہن لیں، سر کے اوپر اسکارف پہن کر بالوں کو چھپا لیں۔دو رکعت نفل ادا کرکے تین بار تلبیہ پڑھیں اورپھر عمرہ کی نیت کر لیں۔ خواتین سر کے اوپر جو رومال لپیٹتی ہیںتو اسی کے اوپر مسح کر لیتی ہیں ۔ یاد رکھیے!اگر کسی خاتون نے بالوں کی بجائے اس رومال یا اسکارف پر مسح کیا تو اس کا وضو نہیں ہو گا ،اب جب وضو نہیں ہو گا تو نماز بھی نہیں ہو گی،اس لیے خواتین وضو کرتے وقت اس رومال کو کھول کر بالوں پر مسح کریں،پھر دوبارہ اسے باندھ لیں،اس سے احرام میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

خواتین پرمعذوری میں احرام
اگر کوئی خاتون ناپاکی کی حالت میں ہے تو احرام باندھتے وقت مستحب یہ ہے کہ نظافت اور صفائی کیلئے غسل کر لے۔احرام کے نوافل نہ پڑھے۔ یہ بھی احرام کی نیت کر کے تلبیہ پڑھے ، اب اس کا بھی احرام بندھ گیا ہے۔مکہ مکرمہ پہنچنے کے بعد جب تک پاک نہ ہوجائے تووہ مسجد حرام میں جائے ، نمازیں پڑھے ، قرآن کریم پڑھے اورنہ ہی بیت اللہ کا طواف کرے بلکہ اپنی قیام گاہ پر ہی رہے،البتہ ذکر کر سکتی   ہے، تسبیحات اور درود شریف وغیرہ پڑھ سکتی ہے ،ہاں پھرپاک ہونے کے بعد سب امورانجام دے سکتی ہے ۔ (جاری ہے)