تحریر: مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی
چوتھی قسط
زَم زَم پینا اور دعا کرنا (سنت)
تیسرا کام یہ ہے کہ آپ زم زم پئیں اور دعا کریں ،اگر یاد ہو تو یہ دعاپڑھیں:اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَسْئَلُکَ عِلْمًا نَّافِعًا وَّ رِزْقًا وَّاسِعًا وَّ عَمَلًََا صَا لِحًَا وََّ شِفَآئً مِّنْ کُلِّ دَآئٍ ط
صفا،مروہ کی سعی (واجب)
سعی شروع کرنے سے پہلے ایک مرتبہ پھرحجر اسود کا استلام کریں،یہ حجر اسود کا نواں استلام ہو گا ،طواف کے دوران آٹھ مرتبہ آپ پہلے استلام کر چکے ہیں ،’’استلام ‘‘ کرنے کے بعد’’صفا ‘‘ پہاڑی کی طرف آئیںاور یہ پڑھیں : اَبْدَئُ بِمَا بَدَا اَللّٰہُ اِنَّ الصَّفَا وَالْمَرْوَۃَ مِنْ شَعَآئِرِ اللّٰہِ ط ’’صفا‘‘پہاڑی پر اتنا چڑھیں کہ وہاں سے بیت اللہ شریف نظر آئے، بعض لوگ اوپر پیچھے دیوار تک چلے جاتے ہیں یہ صحیح نہیںہے ، آپ کو بعض محرابوں کے درمیان سے ’’بیت اللہ شریف ‘‘ نظر آئے گا وہاں کھڑے ہو کر بیت اللہ شریف کو دیکھ کر تین بار اللہ اکبر کہیں اور پھر : لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ لَہُ الْمُلْکُ وَ لَہُ الْحَمْدُ وَ ھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌط پڑھیں ۔
اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا کریں اور دعا کریں کہ یہ قبولیت دعا کی خاص جگہ ہے۔دعا کرنے کے بعد نیت کریں کہ میں اللہ کے لیے عمرہ کی صفا مروہ کی سعی کرتاہوں ،پھرصفا سے مروہ کی طرف چلیں ، درمیان میں دو ہرے رنگ کے ستون آئیں گے جن کو’’ مِیلَین اَخضَرَین‘‘کہتے ہیں ان پر ہرے رنگ کی لائٹیں لگی ہوئی ہیں،مردحضرات ان دونوں ستونوں کے درمیان جھپٹ کر چلیںاور خواتین ان ستونوں کے درمیان بھی اطمینان کے ساتھ چلیں ۔ مروہ پہنچ کر آپ کا ایک چکر پورا ہو گیا۔مروہ پر بھی بیت اللہ کی طرف منہ کر کے اللہ تعا لیٰ کی حمد و ثنا کریں اور دعا کریں ۔
مروہ سے بیت اللہ کی عمارت نظر نہیں آتی لیکن اُدھر منہ کر کے دعا کریں ،دعا کرنے کے بعد پھر صفا کی طرف آئیں، یہ آپ کا دوسرا چکر ہو گیا۔پھر صفا پر دعا کرنے کے بعد مروہ کی طرف چلیں ،یہ تیسرا چکر ہو گیا۔مروہ پہنچ کر پھر دعا کریں اور صفا کی طرف چلیں ، یہ چوتھا چکر ہو گیا ،اس طرح سات چکر لگائیں ، ساتواں چکر مروہ پر پورا ہو گا ،ہر چکر میں صفا پر بھی دعا کریں اور مروہ پر بھی اور ہرے ستونوں کے درمیان مرد تیز چلیں ۔صفا اور مروہ کے درمیان کی ایک مختصر سی جامع دعا رسول اﷲصلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے رَبِّ اغْفِرْ وَارْحَمْ اِنَّکَ اَنْتَ الْاَعَزُّ الْاَکْرَمُ ط۔صفا اورمروہ کے درمیان سعی کے سات چکر پورے ہوجانے کے بعد شکرانہ کی دو رکعت پڑھ لیں۔ان کے لیے مقام ابراہیم پر جانے کی ضرورت نہیں ہے ۔یہ عمرے کا دوسرا کام ہو گیا ۔
سر کے بال منڈوانا (واجب)
صفا ،مروہ کی سعی کے بعد عمرہ کا تیسرا کام سر کے بال منڈوانا یاکتروانا ہے ۔بال کتروانے میں لوگ بہت غلطی کرتے ہیں اس لیے اس مسئلے کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے۔ پورے سر کے بالوں میں سے انگلی کے ایک پورے کے برابر کترواناافضل ہے۔ لوگ ذراذرا سے بال ایک طرف سے کتروالیتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہمارا واجب ادا ہو گیا، حالانکہ اس طرح کٹوانے سے نہ تو چوتھائی سر کے بالوں میں سے اور نہ ہی ایک پورے کے برابر کٹتے ہیں ،یاد رکھیے ! اس طرح بال کٹوانے سے واجب ادا نہیں ہوتا اور ایسے لوگوں پر دم واجب ہوتا ہے ، اس میں احتیاط کیجیے۔آپ سنت کے مطابق یا تو پورے سر کے بال منڈوالیںجس کو حلق کہتے ہیں ،یا اگر بال لمبے ہیں یا پٹے ہیں اور اس میں سے ایک ایک پورے کے برابر بال کٹوائے جا سکتے ہیں تو پھر پورے سر کے بالوں میں سے ایک ایک پورے کے برابر بال کٹوائیں تاکہ سنت کے مطابق قصر ہو جائے۔
خواتین کی بالوں کے کتروانے میں غلطی
خواتین کے لیے بھی کم ازکم سر کے چوتھائی حصے کے بالوں میں سے ایک ایک پورے کے برابر کٹوانا واجب ہے ۔ وہ بالوں کی ایک لٹ پکڑ کر اس میں سے ذرا سے بال کاٹ لیتی ہیں اور سمجھتی ہیں کہ ہمار ا واجب اد ا ہو گیا ہے۔یاد رکھیے!ایک لٹ میں سے بال کاٹنے کی صورت میں چوتھائی سر کے بالوں میں سے نہیں کٹتے ، اس لیے خواتین کے لیے بال کٹوانے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ وہ بال کھول کر لٹکائیں اور تمام بالوں میں سے ایک ایک پورے کے برابر بال کٹوائیں تاکہ سنت کے مطابق قصر ہو جائے اور اپنے محرم سے کٹوائیں یا خود کاٹ سکتی ہوں تو خود کاٹ لیں اور کسی نا محرم سے نہ کٹوائیں ۔
یہ عمرے کا تیسرے کام ہوتے ہی آپ کا عمرہ مکمل ہو گیا، احرام کی جو پابندیاں آپ پر لگی تھیں وہ بال کٹوانے کے بعد سب ختم ہو گئیں ۔اب آپ غسل کر کے سلے ہوئے کپڑے پہن کر خوشبو وغیرہ لگا سکتی ہیں۔ اب آپ مکہ مکرمہ میں آٹھ ذی الحجہ تک بغیراحرام کے رہیں گے ،اس عر صہ میں نفلی طواف کریں ،اس کے لیے احرام ہو گا ، نہ رمل اور نہ ہی اس کے بعد صفا ، مروہ کی سعی ہو گی ،بس حجر اسود کا استقبال اوراستلام کرنے کے بعد سات چکر لگائیں، ہر چکر میں استلام کریں ، ساتواں چکر پورا ہونے کے بعد آٹھویں مرتبہ استلام کریں ،پھر وہی تین ضمنی کام کریں ،یعنی ملتزم پر دعا،مقام ابراہیم پر طواف کا دوگانہ اور زم زم پی کر دعا کرنا ۔آئندہ اشاعت میں ہم حج سے متعلق مزید احکامات پڑھیں گے۔ ان شاء اللہ