راولپنڈی :جامعة الرشید کے مہتمم اور الغزالی یونیورسٹی کے چانسلر مفتی عبدالرحیم نے کہا ہے کہ اسلام میں ریاست کا تحفظ جہاد فی سبیل اللہ کے مترادف ہے۔
آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2025ء کے طلبہ نے چانسلر الغزالی یونیورسٹی مفتی عبد الرحیم کے ساتھ خصوصی نشست کی۔
اس موقع پر مفتی عبدالرحیم نے قرآن وسنت کی روشنی میں ریاست کے تحفظ کے پیغام کو اجاگر کیا اور کہا کہ اسلام میں ریاست کا تحفظ جہاد فی سبیل اللہ کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں انتشار پھیلانے والوں کے کیخلاف ہماری نوجواں نسل متحد ہے۔ بلوچستان کبھی پاکستان سے الگ نہیں ہو سکتا۔ پاک افواج عوام میں سے ہیں اور عوام پاک افواج سے ہیں، یہ سرحدوں پر جان کا نذرانہ دینے والے ہمارے بیٹے ہیں۔
مفتی عبدالرحیم نے کہا کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیت کے باعث عالمِ اسلام میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ اِس کا واضح ثبوت معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص میں ہماری بہادر افواج کی بہترین کارکردگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری نوجواں نسل کو وطن عزیز کی اہمیت کو سمجھنا ہو گا۔ ہم سب کو ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح رہنا ہو گا۔
