آپ گلوب یا زمین کا نقشہ اپنے سامنے رکھیں اور اس پر غور کریں آپ کو ہر طرف رنگ و نور کی ایک دنیا دکھائی دے گی۔ پہاڑ، سمندر، دریا، جنگل، انسانی آبادیاں اور سیر و تفریح کے دلکش مقامات۔ یہ سب کچھ اپنی جگہ معجزہ سہی لیکن اگر ہم ان سطحی مناظرسے آگے بڑھ کر دیکھیں تو یہ زمین اپنے اندرحیرت انگیز خزانے چھپائے ہوئے ہے۔ اس زمینی سیارے کے اندر اللہ نے ایسی ایسی معدنیات اور خزانے چھپا رکھے ہیں جن کا ہمیں ابھی تک مکمل طور پر علم نہیں ہو سکا۔ مثلاًآپ سونے کو دیکھ لیں، سونا زمین کی گہرائی میں مختلف معدنی ذخائر کی صورت میں پاتا ہے۔ یہ عام طور پر چٹانوں اور دھاتی خام مال کے طور پر زمین کی گہرائی میں موجود ہے اور اس کی مقدار عالمی سطح پر تقریباً 170,000ٹن تخمینہ لگائی گئی ہے۔
سونا نہ صرف قیمتی دھات ہے بلکہ صنعتی اور الیکٹرانک آلات میں بھی استعمال ہوتاہے۔ چاندی بھی ایک قیمتی دھات ہے جو زمین کے اندر مختلف تہوں کی صورت میں موجود ہے اور مجموعی طور پر اس کے تقریباً 5.4بلین اونس کے ذخائر موجود ہیں۔ چاندی کے ذخائر میکسیکو، چین، پیرو اور دیگر ممالک میں موجود ہیں۔ چاندی کا استعمال زیورات اور کرنسی کے طور پر کیا جاتا ہے جبکہ اس کا استعمال دیگر صنعتی مقاصد جیسے الیکٹرانکس اور سولر سیل کی تیاری میں بھی کیا جاتا ہے۔ یورینیم ایک اہم دھات ہے جو زمین کی گہرائی میں دفن ہے۔ اس کا عالمی ذخیرہ تقریباً 5.5ملین ٹن ہے اور یہ بڑے ذخائر کی صورت میں افریقہ اور قازقستان میں پایا جاتا ہے۔ یورینیم کا استعمال بنیادی طور پر ایٹمی توانائی کی پیداوار میں ہوتا ہے۔ ایلومینیم زمین میں سب سے زیادہ پائی جانے والی دھاتوں میں سے ہے۔ یہ زیادہ تر بوکسائیٹ میں پائی جاتی ہے جو زمین کی سطح پر موجود ہوتی ہے۔ ایلومینیم کا عالمی ذخیرہ تقریباً 70بلین ٹن تخمینہ لگایا گیا ہے اور یہ ذخائر بیشتر آسٹریلیا، گنی اور برازیل میں پائے جاتے ہیں۔ ایلومینیم کا استعمال زیادہ تر فضائی، تعمیراتی اور الیکٹرانک صنعتوں میں کیا جاتا ہے۔
نکل ایک اور اہم دھات ہے جو زمین کی گہرائی میں پائی جاتی ہے۔ یہ دھات زمین کے اندر 1,500کلو میٹر تک گہری تہوں میں پھیلی ہوئی ہے اور اس کا عالمی ذخیرہ تقریباً 80ملین ٹن تخمینہ لگایا گیا ہے۔ نکل زیادہ تر آسٹریلیا، انڈونیشیا اور کینیڈا میں پایا جاتا ہے اور اس کا استعمال سٹیل کی صنعت اور بیٹریوں کی تیاری میں کیا جاتا ہے۔ جست بھی ایک اہم دھات ہے جو زمین کی سطح کے قریب پائی جاتی ہے اور اس کا عالمی ذخیرہ تقریباً 250ملین ٹن تخمینہ لگایا گیا ہے۔ جست کے ذخائر چین، آسٹریلیا اور پیرو میں زیادہ مقدار میں موجود ہیں۔ یہ دھات بنیادی طور پر تعمیرات، الیکٹرانکس اور صحت کے شعبوں میں استعمال ہوتی ہے۔ سیسہ ایک اور دھات ہے جو زمین کی سطح پر پائی جاتی ہے اور اس کا تخمینہ عالمی سطح پر تقریباً 200ملین ٹن ہے۔ سیسہ کے ذخائر زیادہ تر چلی، میکسیکو اور چین میں پائے جاتے ہیں اور اس کا استعمال بیٹریوں، عمارتوں اور دیگر صنعتی مصنوعات میں کیا جاتا ہے۔ کرومائٹ کی بڑی مقدار جنوبی افریقہ، قازقستان اور ترکی میں موجود ہے۔ اس کا ذخیرہ تقریباً 250ملین ٹن تخمینہ لگایا گیا ہے اور یہ زیر زمین پائی جاتی ہے۔ کرومائٹ ایک اہم دھات ہے جو کرومیم کی پیداوار کے لیے استعمال ہوتی ہے جو گاڑیوں کی ایگزاسٹ سسٹمز اور دیگر دھاتی مصنوعات میں استعمال ہوتی ہے۔ کوئلہ زمین کے اندر بڑی مقدار میں موجود ہے اور اس کا عالمی ذخیرہ تقریباً 1.1 ٹریلین ٹن ہے۔ یہ ذخائر چین، پاکستان، امریکہ اور روس جیسے ممالک میں پائے جاتے ہیں اور اس کا استعمال توانائی پیدا کرنے میں کیا جاتا ہے۔ کوئلہ توانائی کا اہم وسیلہ ہے اور اس کا استعمال بیشتر صنعتوں اور بجلی گھروں میں ہوتا ہے۔ تیل ایک قدرتی مائع ہے جو زمین کے مختلف حصوں میں دفن ہے۔ سعودی عرب، مشرق وسطیٰ، روس اور امریکہ جیسے ممالک میں تیل کے بڑے ذخائر موجود ہیں اور عالمی ذخیرہ تقریباً 1.7ٹریلین بیرل تخمینہ لگایا گیا ہے۔ تیل کا استعمال توانائی کی پیداوار، پٹرول اور دیگر مائع مصنوعات کی تیاری میں کیا جاتا ہے۔
قدرتی گیس زمین کی تہہ میں 1,000میٹر سے 4,000میٹر کی گہرائی میں پائی جاتی ہے۔ روس، پاکستان، قطر اور ایران جیسے ممالک میں اس کے سب سے بڑے ذخائر ہیں اور اس کا عالمی ذخیرہ تقریباً 6,000ٹریلین کیوبک فٹ ہے۔ قدرتی گیس کا استعمال توانائی پیدا کرنے اور مختلف صنعتی مقاصد میں کیا جاتا ہے۔ ماربل زمین کی سطح کے قریب پائے جانے والے چٹانی ذخائر ہیں۔ ماربل کا عالمی ذخیرہ اٹلی، پاکستان، بھارت اور چین جیسے ممالک میں موجود ہے۔ اس کا استعمال عمارات کی تعمیر اور سجاوٹ میں کیا جاتا ہے۔ نمک ایک اہم معدنی ذخیرہ ہے جو زمین کی سطح پر بڑی مقدار میں موجود ہے اور اس کا عالمی ذخیرہ تقریباً 70بلین ٹن تخمینہ لگایا گیا ہے۔ نمک چین، پاکستان، امریکا اور بھارت جیسے ممالک میں بڑے ذخائر میں پایا جاتا ہے اور اس کا زیادہ استعمال کھانے کی صنعت میں کیا جاتا ہے۔ قیمتی پتھر جیسے ہیرا، یاقوت اور زمرد زمین کے مختلف حصوں میں چھپے ہوتے ہیں۔ جنوبی افریقہ اور روس میں ہیروں کے بڑے ذخائر پائے جاتے ہیں۔ یہ ذخائر زیادہ تر زیر زمین ہوتے ہیں اور ان کا تخمینہ لگانا مشکل ہے۔ قیمتی پتھروں کا استعمال زیورات کی صنعت میں کیا جاتا ہے۔ پلاٹینم ایک نایاب اور قیمتی دھات ہے جو زمین کی گہرائی میں پائی جاتی ہے، اس کا عالمی ذخیرہ تقریباً 70,000ٹن لگایا گیا ہے اور یہ زیادہ تر زیر زمین پائی جاتی ہے۔ پلاٹینم کا استعمال زیورات، موٹر انڈسٹری اور دیگر صنعتی مصنوعات میں کیا جاتا ہے۔ گندھک زمین کی سطح اور گہرائی میں پائی جاتی ہے۔ یہ زیادہ تر چین اور اٹلی میں موجود ہے۔ گندھک کا استعمال کیمیکلز کی تیاری، زراعت میں کھاد کی صنعت اور دیگر صنعتی مقاصد کے لیے کیا جاتا ہے۔ فاسفیٹ زمین کی سطح پر مختلف علاقوں میں پائی جاتی ہے، اس کا عالمی ذخیرہ تقریباً 70بلین ٹن ہے اور اس کا استعمال کھاد کی صنعت میں کیا جاتا ہے۔
ذرا تصور کریں ایک ایسی گیند جس کا قطر 12,742کلو میٹر اور اس کے اند ر71فیصد پانی اور صرف 29فیصد خشکی ہے، وہ ان سب معدنیات، دھاتوں او ر خزانوں کے ساتھ اربوں سالوں سے خلا میں میںنہ صرف موجود ہے بلکہ ہزاروں میل فی گھنٹہ کے حساب سے دوڑ رہی ہے، یہ ہماری زمین اور اس کی حقیقت ہے۔ ایک نہایت پیچیدہ اور حسین نظام جس کے ہر ذرے میں اللہ کی حکمت اور قدرت کی نشانیاں موجود ہیں۔ اور سب سے عجیب بات یہ کہ اتنی بڑی کائنات میں جہاں ان گنت کہکشائیں پھیلی ہوئی ہیں صرف زمین وہ واحد سیارہ ہے جہاں زندگی کا وجود ہے۔ اسی لیے اللہ نے قرآن میں باربارزمین کا تذکرہ کرتے ہوئے اسے اپنے نشانی ڈکلیئر کیا ہے اور کہا ہے کہ اس میں نشانیاں ہیںا یمان لانے والوں کے لیے۔