اسلام آباد/پشاور:اسلام آباد میں شدید بارش اور ڑالہ باری ،کئی علاقوں میں اولوں سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔اسلام آباد کے کئی علاقوں میں بڑے سائز کے اولے پڑے، جس سے مختلف علاقوں میں گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
پشاور زلمی کا پریکٹس سیشن بارش کے باعث جلدی ختم کردیا گیا، بارش کے ساتھ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کئی درخت بھی جڑوں سے اکھڑ گئے ہیں۔دوسری جانب خیبر، باجوڑ، مردان ،مالا کنڈ، لوئر دیر، مانسہرہ سمیت کے پی کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں،ژالہ باری ہوئی، دن میں اندھیرا چھا گیا۔
ضلع خیبر میں سیلابی ریلے میں کار بہہ گئی، باغات اور فصلوں کو نقصان پہنچا، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی، پاک افغان شاہراہ پر بھی جگہ جگہ سیلابی ریلے بہنے لگے۔
اس کے علاوہ دیرلویربھی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوش گوار ہوگیا۔بارش کے بعد لوئر دیرمیں تیز بارش سے ندی نالیوں میں طغیانی آگئی، دریا پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی جب کہ بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا اور کئی فیڈر ٹرپ کرگئے۔
اس کے علاوہ تخت بھائی میں بھی کالی گھٹا چھا جانے سے دن کے وقت شام کا سماں ہوگیا جب کہ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔راولپنڈی میں تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار ہوگیا، گولڑہ میں 9 ملی میٹر جبکہ بوگڑہ میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 4 فٹ معمول کے مطابق ہے۔
ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں موجود ہیں۔تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے نشیبی علاقوں کے دورے کئے گئے،سی ڈی اے اور ایم سی آئی ٹیمز بھی اسسٹنٹ کمشنرز کے ہمراہ تھیں، ای الیون سمیت تمام ایریاز میں ضلعی انتظامیہ کی ٹیمز موجود ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔جہلم کے علاقے سوہاوہ میں موسلادھار بارش کے باعث ٹریکٹرٹرالی پرگھرکی خستہ حال دیوار گر گئی جس کے نتیجے میں ٹریکٹر ٹرالی پر سوار2افراد جاں بحق ہو گئے۔حادثے میں دو افرادزخمی بھی ہوئے، حادثہ بارش اور تیزآندھی کے باعث پیش آیا۔