اسلام آباد/لاہور:پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت بڑھنے کے باعث گلیشیئرز پھٹنے کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے چترال، دیر، سوات سمیت دیگر اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ، آج بدھ سے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے سے سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
چترال، دیر اپر، سوات اور کوہستان کو حساس قرار دیدیا گیاہے، حساس علاقوں کی مقامی آبادی کو فوری طور پر الرٹ کیا جائے۔حکام کے مطابق آج سے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے باعث جھیلوں کے پھٹنے سے سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کوفوری اقدامات کی ہدایت کردی گئی۔
اس دوران ایمرجنسی سروسز اور ریسکیو اہلکار الرٹ رہیں، ہنگامی سامان اور دستیاب وسائل پہلے سے موجود رکھے جائیں۔ پی ڈی ا یم اے نے اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے متعلقہ انتظامیہ پیشگی اقدامات کرے، حساس علاقوں کی مقامی آبادی کو فوری طور پر الرٹ کیا جائے۔
مراسلے میں کہاگیا کہ اس دوران ایمرجنسی سروسز اور ریسکیو اہلکار الرٹ رہیں، ہنگامی سامان اور دستیاب وسائل پہلے سے موجود رکھے جائیں۔ادھرپی ڈی ایم اے نے پنجاب میں گزشتہ سالوں کی نسبت رواں سال زیادہ گرمی پڑنے کی پیشگوئی کر دی۔پی ڈی ایم اے نے ہیٹ ویو کے لیے الرٹ جاری کر رکھا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر خشک اور گرم موسم کا سلسلہ جاری ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 26ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 39ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔آئندہ 24گھنٹوں تک موسم خشک اور گرم رہے گا تاہم بارش کے امکانات نہیں۔محکمہ موسمیات نے آج سے 18اپریل کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں میں گرمی کی لہر 18اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے جب کہ اس دوران بالائی علاقوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اور وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج سے 20 اپریل کے دوران دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مردان اور پشاور میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، اس کے علاوہ مری، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنو، گلیات اور وزیرستان میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ آج سے 18 اپریل کے دوران اور 20اپریل کی شام کو اسلام آباد، تلہ گنگ، جہلم، چکوال میں بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، گجرانوالہ میں بھی بارش اور ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اور 19 اپریل کے دوران جنوبی پنجاب میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزی میں کہا گیا کہ بارش اور آندھی کے دوران شہری کھمبوں درختوں کے قریب کھڑے ہونے سے اجتناب کریں۔محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا کہ مری کشمیر گلگت بلتستان گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔