مستونگ،ریموٹ کنٹرول بم دھماکا، 3 اہلکار شہید ، 19 زخمی،صدر ،وزیر اعظم کی مذمت

مستونگ/بنوں:بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 3 اہلکار شہید اور 19 زخمی ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ ریمورٹ کنٹرول بم دھماکا دشت روڈ پر کھنڈ مہسوری کے قریب ہوا، دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکا موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بارودی مواد سے کیا گیا، دھماکا اس وقت کیا گیا جب کہ بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار پولیس ٹرک میں سوار ہو کر ڈیوٹی سے واپس جارہے تھے۔پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔

پویس حکام نے بتایا کہ بم دھماکے کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوئے جب کہ 19 زخمی ہیں، شہید اہلکاروں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ادھرکوہلو میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس میں ایک شخص جاںبحق ہوگیا ۔لیویز ذرائع کے مطابق کوہلو کے علاقے تحصیل کاہان میں پوڑھ کے مقام پر بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا ، جس میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت شاہ بخش قوم ٹھیگیانی کے نام سے ہوئی ہے۔دھماکے کے اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کار اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔

آصف زرداری نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر مملکت نے دھماکے کے شہدا کیلئے بلندی درجات، لواحقین کیلئے صبر جمیل زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے شمس آباد میں بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی اور تین اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم نے شہدا کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔ وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کی دھما کے کی مذمت کی اور زخمیوں کو بہتر طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

ادھرخیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں راکٹ حملے سے 7 مزدور زخمی ہوگئے۔کے پی پولیس کے مطابق ٹانک کے علاقے وزیرآباد میں ریسیکو 1122 کے زیر تعمیر عمارت پر راکٹ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 7 مزدور زخمی ہو ئے۔پولیس کا بتانا ہے کہ حملے سے عمارت کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔بنوں کے علاقے میرا خیل کے مکان پر دستی بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق حملے میں 2 مویشی ہلاک اور ملزمان فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر پختون یار خان کے پرائیویٹ سیکریٹری کے مکان پر دستی بم پھینکا گیا تھا۔بعد ازاں پولیس کی نفری نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔