پشاور/لاہور:پی ٹی آئی رہنماواپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ کینالز کے معاملے میں شہباز شریف اور پیپلز پارٹی دونوں شریک ہیں۔پشاور ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ جب ہم اپنے حق کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو ہمارے خلاف ایف آئی آر درج ہوتی ہیں۔
وفاقی حکومت نے میرے خلاف مقدمات کی رپورٹ جمع کرائی تو اس میں آئی جی اسلام آباد نے 2 ایف آئی آرز کو چھپایا۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ آج عدالت نے حفاظتی ضمانت میں توسیع کردی ہے، اس پر شکرگزار ہیں۔ ہمارے ساتھیوں کو پارلیمنٹ کے اندر سے اٹھایا گیا، اسپیکر نے کمیٹی بنائی، اس پر کچھ نہیں ہوا۔
کینالز کے معاملے پر ہم نے قومی اسمبلی میں قرار داد جمع کرائی، وہ غائب ہو گئی۔پیپلز پارٹی مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہے۔ مائنز اینڈ منرل ایکٹ پر بھی بات ہو رہی ہے۔ خیبرپختونخوا میں اس بل پر بات تب ہوگی جب بانی پی ٹی آئی احکامات دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ 3 ماہ ہو گئے، میں خود بانی پی ٹی آئی سے نہیں ملا۔ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ کسی طور قابل قبول نہیں ہے۔ اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔
پارٹی میں اختلافات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر مختلف مکاتب فکر کے لوگ بیٹھے ہوتے ہیں، ہم ایک دوسرے کے ساتھ بات کرتے ہیں۔ مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی کی طرح ہماری پارٹی میں بادشاہت نہیں ہے۔
پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے ہفتے جنید اکبر نے ڈرون حملے کے حوالے سے خطاب کیا تھا،مجھے اطلاع ملی ہے کہ کوئی نامعلوم اسمبلی گیا اور ان کا خطاب اڑا دیا ہے۔ اسپیکر صاحب قومی اسمبلی کی پراپرٹی کی حفاظت آپ نے نہیں کی۔
بحیثیت اسپیکر آپ اپنا رول ادا کریں۔ جنید اکبر کا خطاب غائب ہوا، اس میں جو بھی ملوث ہے ان کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔قبل ازیں پشاور ہائی کورٹ میں مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر درخواست پر سماعت جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس صلاح الدین نے کی، جس میں عدالت نے عمر ایوب کو 15 مئی تک حفاظتی ضمانت دے دی۔
دریں اثناء لاہور میں اے ٹی سی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم خان سواتی نے کہا کہ ملک کو تباہی سے بچانے کا واحد حل مذاکرات ہیں۔ہم نے بانی پی ٹی آئی کو مذاکرات کیلئے راضی کیا ہے، عمران خان اور ہمیں ملک کی فکر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں کوئی ایسا لیڈر نہیں جو ملک کو بہتر سمت میں لے جا سکے۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا وہاں بھی کوئی برف پگھلی ہے؟ جس پر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ اللہ کرے کیونکہ یہ ملک سب کا سانجھا ہے۔
دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو جناح ہاؤس پر حملہ کرنے اور جلائو گھیرائو کے 5 مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی کی عبوری ضمانت میں 13 مئی تک توسیع کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے سماعت کی، پولیس کی جانب سے مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، پولیس نے کہا کہ مقدمات کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں موجود ہے، سپریم کورٹ میں ملزمان کی ضمانتیں لگی ہوئی ہیں۔
علاوہ ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو میںسیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مائنزمنرلزبل بانی پی ٹی آئی کی مرضی کے بغیر پاس نہیں ہوگا۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عاطف خان بہت سینئرآدمی ہیں، تحریک انصاف کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے کسی کو نہیں نکالا جا رہا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ مائنزمنرلزبل پر بات کرنا فضول ہے چاہے 5 سال تک پڑا رہے، مائنز بل اس وقت تک پاس نہیں ہوگا جب تک بانی نہیں کہیں گے، صوبائی حکومت اور کابینہ کا فیصلہ ہے کہ بانی کی اجازت کے بغیر بل پاس نہیں ہوگا۔تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت تک اسٹیبلشمنت سے پس پردہ کوئی بات ہوئی نہ ہو رہی ہے۔