اسلام آبادمیں پہلا دو روزہ اوورسیز پاکستانی کنونشن شروع

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے دو روزہ ”اوورسیز پاکستانیز کنونشن” شروع ہوگیا ہے، جس میں دنیا کے 80 سے زائد ممالک سے آئے ہوئے 1500 سے زائد اوورسیز پاکستانی شریک ہیں۔

شرکاء کو ریاستی مہمان کا درجہ دیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں اسپیکر ایاز صادق نے کہا اوورسیز پاکستانی الیکشن کے مسائل پر بات کریں، وزیراعظم اور آرمی چیف بھی آج کنونشن سے خطاب کریں گے۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک، قومی ترانے اور ”پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے ہوا۔ کنونشن میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی وزرائ، بیرون ملک تعینات پاکستانی سفرا اور مختلف شعبوں سے وابستہ اہم شخصیات بھی شریک ہوئے۔

افتتاحی تقریب سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے خطاب میں کہا کہ الیکشن کے لیے دہری شہریت پربحث کی جا سکتی ہے، تارکین اپنی اپنی جماعت سے الیکشن کے مسائل پر بات کریں، تارکین کے مسائل پر بحث اور قانون سازی کی جائے۔

اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کنونشن سے خطاب کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے۔

اس اہم موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات اور ملکی معیشت میں ان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے، جب کہ کنونشن کے ذریعے ان کے مسائل اور تجاویز کو بھی سنا جا رہا ہے۔پاکستان پہنچنے والے اوورسیز کا کہنا ہے کہ اوورسیزپاکستانی حکومت وقت کے ساتھ کھڑی ہے، امید کرتے ہیں حکومتی اقدامات اور پالیسی سے اوور سیزپاکستانیوں کے لیے سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے۔