اسلام آباد:ایران نے سیستان میں 8 پاکستانی شہریوں پر بزدلانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایرانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ 8 پاکستانیوں کے قتل کا واقعہ غیر انسانی اور بزدلانہ فعل ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں،واقعے نے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے پر مجبور کر دیا۔
سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی پورے خطے میں دیرینہ اور مشترکہ خطرہ ہے، غدار عناصر عالمی دہشت گردوں کے ساتھ مل کر خطے میں امن اور استحکام کو نشانہ بناتے ہیں۔ایرانی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکروہ رجحان سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،مشترکہ کاوشوں سے دہشت گردی، انتہا پسندی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔