اسلام آباد :مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی سے قومی اسمبلی میں اہم قانون سازی میں تعاون اور حمایت کیلئے درخواست کی ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے نہروں کی تعمیر کا مکمل منصوبہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کیلئے حکومت نے پیپلز پارٹی سے رابطہ کیا ہے ،اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیپلز پارٹی کے نوید قمر اور شازیہ مری سے ملاقات کی ہے ،ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفی شاہ بھی ملاقات میںموجود تھے،یہ ملاقات ن لیگ کے رہنما ئوں کی درخواست پر پارلیمنٹ ہائوس میں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ نے پی پی کو تحفظات دور کرنے کی ایک بار پھر یقین دہانی کرادی تاہم نہروں کے معاملے پر پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان معاملات طے نہ ہو سکے،پی پی ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ن لیگ نے پارلیمان کی کارروائی میں تعاون کی اپیل کی، ن لیگ قومی اسمبلی کے رواں سیشن میں اہم قانون سازی میں حمایت اور تعاون کی درخواست کی ہے اور اس کیلئے پیپلزپارٹی سے قومی اسمبلی کورم میں تعاون کی اپیل ہے۔
پی پی وفد نے ن لیگ کو معاملات قیادت تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ہے، ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے نہروں کے خلاف قرارداد کی منظوری میں ن لیگ سے تعاون اورتعمیر کا منصوبہ ہی مکمل واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے جس پرا سپیکر ایاز صادق نے ن لیگ کی اعلیٰ قیادت سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی اور ن لیگ وفود کا رابطے جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔ادھرنجی ٹی وی کے مطابق پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پیپلزپارٹی سے ایک بار پھر رابطہ کیا اور پرکشش آفرز کی ہیں، اعلیٰ حکومتی شخصیت نے رابطہ کیا، پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت کو صاف جواب دے دیا۔
پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے حکومت کی تمام پیشکش مسترد کردیں، پیپلزپارٹی نے نہروں کی مخالفت نہ کرنے کا مطالبہ ماننے سے انکار کردیا۔