اسلام آباد:حکومت اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی جانب سے پہلا اوورسیز پاکستانیز کنونشن 13 تا 15 اپریل اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
وزارتِ اوورسیز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کنونشن کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے گھر میں خوش آمدید کہنا، انہیں گلے لگانا، ان کے تحفظات سننا اور ان کی قیمتی تجاویز کی روشنی میں پالیسی سازی کو بہتر بنانا ہے۔حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کنونشن میں شرکت کے لیے آنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو ریاستی مہمان کا درجہ حاصل ہوگا۔
ہوائی اڈوں پر والہانہ استقبال کے لیے خصوصی انتظامات اور خیر مقدمی بینرز آویزاں کیے جا رہے ہیں۔ شرکا کو مکمل پروٹوکول اور عزت و تکریم کے ساتھ خوش آمدید کہا جائے گا جبکہ عوامی سطح پر تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر تمام انتظامات اس عزم کے ساتھ کیے جا رہے ہیں کہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو یہ احساس دلایا جائے کہ پاکستان ان کا اپنا گھر ہے۔
اوورسیز پاکستانیز کنونشن ایک ایسا فورم فراہم کرے گا جہاں بیرونِ ملک پاکستانی، حکومتی نمائندگان اور قومی ادارے ایک ہی چھت تلے اکٹھے ہوں گے۔