کراچی کے بعد میر پورخاص میں کے ایف سی فرنچائز نذر آتش

کراچی/ میر پور خاص: کراچی کے بعد میرپورخاص میں مظاہرین نے غیر ملکی فوڈ چین شاپ کے ایف سی کو آگ لگا دی جبکہ پولیس پر پتھرا ئوسے ایس ایچ او سمیت پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔
کراچی کے بعد میرپور خاص میں فلسطین کی حمایت میں احتجاج کرنے والے مظاہرین نے غیر ملکی فوڈ چین شاپ کے ایف سی کو آگ لگادی ۔ مظاہرین کے پولیس پر پتھرائو سے ایس ایچ او سمیت پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 11 حملہ آوروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔ایس ایس پی میرپورخاص سمیرنور نے بتایا مظاہرین نے غیر ملکی فوڈ چین شاپ پر حملہ کرکے آگ لگائی، مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کریں گے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد پرواقع نجی ریسٹورنٹ پرمشتعل افراد کے حملے کے واقعے کامقدمہ ڈیفنس تھانے میں درج کرلیاگیا۔منگل کوڈیفنس خیابان اتحاد پرواقع نجی ریسٹورنٹ پرمشتعل افراد کی جانب سے توڑپھوڑکے واقعے کا مقدمہ ڈیفنس تھانے میں درج کرلیا گیا۔
مقدمہ نجی ریسٹورنٹ کے ملازم کی مدعیت میں ہنگامہ آرائی، املاک کونقصان پہنچانے سمیت دیگردفعات کے تحت درج کیا گیا، مقدمے میں 30 سے 35 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق ریسٹورنٹ میں کام کرنے کے دوران دیکھا ڈنڈا بردارافراد ہماری جانب آرہے ہیں، ڈنڈا بردار نامعلوم افراد نے شیشے توڑے اور اندرموجود فرنیچراور ٹی وی کو نقصان پہنچا، باہر نکل کر دیکھا تو ساتھ موجود پیزا فرینچائز کے بھی شیشے ٹوٹے ہوئے تھے۔ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس آئی تو مشتعل افراد فرارہونے لگے، پولیس نے جائے وقوع سے 2 افراد کوحراست میں لیا۔