نادرا نے شناختی کارڈ کی تجدید کیلئے دی گئی بڑی سہولت ختم کردی

کراچی:نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے جی پی اوز اور ڈاک خانوں میں شہریوں کو قومی شناختی کی تجدید اور پتے کی تبدیلی سمیت دیگر سہولیات ختم کر دی گئیں۔
نادرا کی جانب سے شہر میں جی پی اوز اور ڈاک خانوں میں قائم تمام کاؤنٹرز پر موجود آلات اور درخواست گزاروں سے وصول رقم بھی جمع کرانے کے علاوہ تیار شدہ شناختی کارڈز فوری طور پر درخواست گزاروں کوفراہم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
حکومت کی جانب سے یہ سہولت 3 سال قبل متعارف کروائی گئی تھی لیکن اس حوالے سے عوامی آگاہی کا شدید فقدان رہا۔ترجمان نادرا نے بتایا کہ شہریوں کی تعداد انتہائی کم ہونے کے باعث کاؤنٹرز بند کردیے گئے اور ڈاک خانوں میں نصب آلات یونین کونسلز کو فراہم کیے جائیں گے۔
کراچی میں آئی آئی چند ریگرروڈ، صدر جی پی اوز سمیت 10 ڈاک خانوں پر شہریوں کو قومی شناختی کارڈز کے حوالے سے سہولیات فراہمی کے لیے سنگل اور ڈبل سہولت کے حامل کاؤنٹرز بندکردیے گئے ہیں جہاں شناختی کارڈز کی تجدید، پتے اور ازدواجی حیثیت کی تبدیلی سے استفادے کی سہولت دستیاب تھی۔
پوسٹ آفس کے ذریعے دستخط اور تصویر میں ترمیم بھی کرائی جاسکتی تھی تاہم (ب) فارم اور ایف آرسی کی سہولیات شامل نہیں تھیں۔ذرائع کے مطابق نادرا اور پاکستان پوسٹ کے درمیان معاہدہ 10 سال کے لیے تھا تاہم یہ نظام 3 سال کے بعد ہی بند کر دیا گیا، کراچی سمیت چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں قائم کاؤنٹرز فروری 2022 سے کام کررہے تھے، جن کی مجموعی تعداد 83کے لگ بھگ تھی اور اب مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔