نادیہ ظہیر
منشی فیض الدین دہلوی صاحب نے ایک کتاب ”بزم آخر“ تحریر کی تھی۔ اس کتاب میں مغلیہ عہد کے آخری دنوں میں بہادر شاہ ظفر کے محل کے حالات درج کیے گئے ہیں۔کھانے کا سات گز لمبا، تین گز چوڑا دستر خوان بچھتا۔ بادشاہ، بیگمات، شہزادوں اور شہزادیوں کیلئے الگ الگ اہتمام ہوتا۔
23 اقسام کی روٹیوں کو سجایا جاتا تھا۔ ان کے نام ملاحظہ ہوں :
”چپاتیاں، پھلکے، پراٹھے، روغنی روٹی، بری روٹی، بیسنی روٹی، خمیری روٹی، نان، شیر مال، گاؤ دیدہ، گاؤ زبان، کلچہ، باقر خانی، غوصی روٹی، بادام کی روٹی، پستے کی روٹی، چاول کی روٹی، گاجر کی روٹی، مصری کی روٹی، نان پنبہ، نان گلزار، نان قماش، نان تنکی“
26اقسام کے پلائو سے پیٹ کا دوزخ بھرا جاتا جن کے نام یہ ہیں:
”یخنی پلاؤ، موتی پلاؤ، نور محلی پلاؤ، نکتی پلاؤ، کشمش پلاؤ، نرگسی پلاؤ، زمردی پلاؤ، لال پلاؤ، مزعفر پلاؤ، فالسائی پلاؤ، آبی پلاؤ، سنہری پلاؤ، روپہلی پلاؤ، مرغ پلاؤ، بیضہ پلاؤ، انناس پلاؤ، کوفتہ پلاؤ، بریانی پلاؤ، چلاؤ، سارے بکرے کا پلاؤ، بونٹ پلاؤ، شولہ، کھچڑی، قبولی، طاہری، متنجن“
9اقسام کے کباب شاہی دستر خوان کی زینت بنتے :
” سیخ کے کباب، شامی کباب، گولیوں کے کباب، تیتر کے کباب، بٹیر کے کباب، نکتی کباب، لوزات کے کباب، خطائی کباب، حسینی کباب“
کچھ متفرق قسم کے لوازمات کے نام نیچے درج کیے جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ دلمہ ایک قسم کا سالن ہے جس میں قیمے کو سبزیوں کے اندر بھرا جاتا ہے۔
” بورانی، رائتا، کھیرے کی دوغ، ککڑی کی دوغ، پنیر کی چٹنی، سمنی، آش، دہی بڑے، بینگن کا بھرتا، آلو کا بھرتا، چنے کی دال کا بھرتا، آلو کا دلمہ، بینگن کا دلمہ، کریلوں کا دلمہ، بادشاہ پسند کریلے، بادشاہ پسند دال“
دسترخوان پر سجائی جانے والی میٹھی اشیاء کے نام مندرجہ ذیل ہیں:
” روٹی کا حلوا، گاجر کا حلوا، کدو کا حلوا، ملائی کا حلوا، بادام کا حلوا، پستے کا حلوا، رنگترے کا حلوا، آم کا مربا، سیب کا مربا، بہی کا مربا، ترنج کا مربا، کریلے کا مربا، رنگترے کا مربا، لیموں کا مربا، انناس کا مربا، گڑہل کا مربا، بادام کا مربا، ککروندے کا مربا، بانس کا مربا مٹھائی کے رنگترے، شریفے، امرود، جامنیں، انار وغیرہ اپنے اپنے موسم میں۔ اور گیہوں کی بالیں مٹھائی کی بنی ہوئیں، حلوا سوہن گری کا، پپڑی کا، گوندے کا، حبشی لڈو موتی چور کے، مونگ کے، بادام کے، پستے کے، ملائی کے۔ لوزات مونگ کی، دودھ کی، پستے کی، بادام کی، جامن کی، رنگترے کی، فالسے کی، پیٹھے کی مٹھائی، پستہ مغزی، امرتی، جلیبی، برفی، پھینی، قلاقند، موتی پاک، در بہشت، بالو شاہی، اندرسے کی گولیاں، اندرسے وغیرہ“