Windows Word Pad

مائیکرو سافٹ ونڈوز کا ورڈ پیڈ ختم کرنیکا اعلان

امریکی کمپنی مائیکروسافٹ نے ونڈوز میں سے ورڈ پیڈ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ ٹیکسٹ ایڈیٹر کئی دہائیوں تک ونڈوز کا حصہ رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مائیکرو سافٹ کمپنی اب اپنے سافٹ ویئر ورڈ پیڈ کو اپ ڈیٹ نہیں کریگی جبکہ اسے ونڈوز کے مستقبل کے ورژن سے بھی نکال دیا جائے گا۔

ورڈ پیڈ 95ء کے بعد سے ونڈوز کا حصہ ہے، جس میں ایم ایس ورڈ اور نوٹ پیڈ دونوں کی خصوصیات ہوتی ہیں۔

مائیکروسافٹ کی جانب سے ایک نوٹ میں لکھا ہے کہ ونڈوز کے سافٹ ویئر ورڈ پیڈ کو اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جائے گا، مستقبل میں اسے ونڈوز میں سے بھی ہٹا دیا جائے گا۔

مزید کہا گیا ہے کہ ڈاک (ڈی او سی) اور آر ٹی ایف جیسی ٹیکسٹ دستاویزات کیلئے مائیکروسافٹ ورڈ اور سادہ ٹیکسٹ دستاویزات کیلئے ونڈوز نوٹ پیڈ استعمال کئے جاسکتے ہیں۔

مائیکرو سافٹ ورڈ کے برعکس ورڈ پیڈ کو ہمیشہ ونڈوز کے ساتھ مفت پیش کیا گیا، ورڈ پیڈ میں ورڈ کی بہت سی خصوصیات کی کمی تھی جیسا کہ اسپیل چیکر جبکہ اس کی فائل کچھ اہم فارمیٹس میں سیو نہیں ہوتی۔

مائیکرو سافٹ نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ اس سافٹ ویئر کو کیوں ہٹایا جارہا ہے۔ مائیکروسافٹ کا یہ اعلان نوٹ پیڈ کیلئے نئی اپ ڈیٹس جاری کرنے کے فوراً بعد سامنے آیا ہے، یہ بھی مفت ہے لیکن اس میں ورڈ پیڈ یا ورڈ جیسی فارمیٹنگ یا خصوصیات نہیں۔

رپورٹ کے مطابق نوٹ پیڈ میں ڈارک موڈ اور دیگر تبدیلیوں کے حالیہ اضافے کے بعد اس میں آٹو سیو سمیت کچھ نئے فیچرز آجائیں گے۔