پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (**پی ٹی اے**) اور **میٹا** نے پاکستان میں آن لائن دھوکہ دہی سے بچاؤ کے لیے ایک آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے، میٹا اور تعلیمی پلیٹ فارم **EYEYAH** نے ایک منفرد سوشل مہم اور انٹرایکٹو آن لائن تجربہ **“کیا یہ اصلی ہے؟”** (Is This Real?) کے نام سے متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد عوام میں عام آن لائن فراڈ کے طریقوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔
یہ مہم دنیا کے 15 سے زائد ممالک میں جاری عالمی مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد صارفین کو زیادہ محفوظ اور باخبر **ڈیجیٹل ماحول** فراہم کرنا ہے۔
مہم کے تحت صارفین کو **سات عام اقسام کے آن لائن فراڈز** کے بارے میں آگاہی دی جائے گی، جن میں رومانوی دھوکے، جعلی خرید و فروخت، نقالی، سرمایہ کاری کے فراڈ، جعلی ملازمتوں کی پیشکش، اکاؤنٹ ہیکنگ، اور جعلی پیغامات شامل ہیں۔
اس موقع پر پی ٹی اے کے چیئرمین **میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان** نے کہا کہ پی ٹی اے ایک محفوظ اور باخبر ڈیجیٹل پاکستان کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس اشتراک کو **ڈیجیٹل خواندگی میں اضافے** اور صارفین کو آن لائن دھوکہ دہی سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔
میٹا کی ہیڈ آف پاکستان پبلک پالیسی **دانیا مختار** نے کہا کہ، “ہم پاکستان میں اپنی آن لائن کمیونٹی کے تحفظ کے لیے سنجیدہ ہیں اور مسلسل ایسے اقدامات کر رہے ہیں جن سے دھوکہ دہی کرنے والے عناصر کو ہمارے پلیٹ فارمز سے ہٹایا جا سکے۔ تاہم، یہ افراد نئے طریقے اختیار کرتے رہتے ہیں اور بیک وقت مختلف ایپس اور پلیٹ فارمز کو نشانہ بناتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ، “ہم سمجھتے ہیں کہ **آگاہی اور تعلیم** صارفین کے سب سے مؤثر دفاعی ہتھیار ہیں۔ اس مہم کے ذریعے ہم پاکستانی عوام کو ایک دلچسپ اور انٹرایکٹو انداز میں آن لائن فراڈ کی نشاندہی کرنا سکھا رہے ہیں تاکہ وہ خود کو محفوظ رکھ سکیں۔”