Zaman Park Imran Khan Residence

اسلام آباد پولیس نے عمران خان کے کمرے میں کیا دیکھا؟

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ جس کمرے میں عمران خان کی موجودگی کی اطلاعات تھیں وہاں جا کر دیکھا تو عمران خان کا کمرا خالی تھا۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری سے متعلق ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ ایس پی صاحب کمرے میں گئے تو وہاں عمران خان موجود نہیں تھے، عمران خان گرفتاری دینے سے گریزاں ہیں۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ٹیم عمران خان کی گرفتاری کے لیے پہنچی ہے۔ عدالتی احکامات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پہنچی ہے۔ لاہور پولیس کے تعاون سے تمام کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔ عدالتی احکامات کی تکمیل میں رکاوٹ ڈالنےوالوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

گرفتاری سے متعلق ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس اپنی حفاظت میں عمران خان کو اسلام آباد منتقل کرے گی۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کو وارنٹ گرفتاری دکھا دیا گیا ہے۔ ایس پی سٹی اسلام آباد حسین طاہر عمران خان کے گھر سے باہر آئے تو حسین طاہر کے باہر آنے پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے شدید نعرے لگائے۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے اسلام آباد پولیس کو زمان پارک کے باہر ہی روک لیام جب کہ تحریک انصاف کے رہنماوں کی زمان پارک آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، حماد اظہر سمیت دیگر رہنما بھی زمان پارک پہنچ گئے۔