اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، مودی کا تکبر خاک میں مل گیا ہے، بھارت کی جانب سے پاکستان پردوبارہ حملے کا امکان موجود ہے، پاکستان کا پانی روکا تو اسے جنگ تصور کیا جائے گا، مسئلہ کشمیر اور پانی کا ایشو بات چیت سے حل ہونا چاہیے۔
ایک انٹرویو میں وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے طیارے گرائے جو کہ فخر کی بات ہے ، اللہ کا شکر ہے کہ ہم اس وقت سر اٹھا کر دنیا میں چل رہے ہیں، مودی اور اس کے ساتھیوں کا تکبر مٹی میں ملا ہے ، ان لمحات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہمارے سائبر واریئرز نے کمال کے کارنامے دکھائے ہیں، ہمارے میڈیا نے بہت شاندا ر رپورٹنگ کی جبکہ بھارتی میڈیا میں سرکس اور نوٹنکی ہو رہی تھی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ جس طرح آئی ایس پی آر نے فرنٹ پر لیڈ کیاہے ، انہوں نے بہت ہی شاندار کام کیا ہے ، یہ ہماری تاریخ کا سنہرا لمحہ تھا جسے آنے والی نسل یاد رکھے گی ، ایس سی او میں بھی چین کے دفاعی وزیر سے با ت چیت ہوئی ہے ، چینی ہمارے بہت اچھے دوست ہیں، جس طرح چین نے 70 سالوں میں ہمارا ساتھ دیاہے ، جہاں بھی ہمیں ضرورت پڑی ہے ، وہ ہمارے ساتھ ستون کی طرح کھڑے ہوئے، بڑے بڑے ملک بھارت کیخلاف فتح پر مبارک دے رہے ہیں ۔
ان کا کہناتھا کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے ،ہمارے پاس ثبوت ہیں، ایس سی اواجلاس کے موقع پربھارتی وزیر دفاع سے بات نہیں ہوئی، بھارتی وزیر دفاع نے میری تقریر کے بعد وقت مانگا، ایس سی او کی روایت نہیں ہے دوبارہ تقریر کیلئے وقت دینا ، بھارت کو اجازت نہیں ملی، ہماری ٹیم مجھے تقریر کے دوران بھی چیزیں بتا رہی تھی، ہماری سفارتی ٹیم بہت ہی شاندار ہے ، پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات پر متعدد ممالک نے ہمارے موقف کی تائید کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دوبارہ پاکستان پر حملے کا امکان ہے،لیکن میرا خیال ہے کہ مودی کو اندر سے بھی اب سپورٹ حاصل نہیں ہے ، بھارت کی سیاسی جماعتوں اور دانشور حقیقت عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں کہ مودی جھوٹ بول رہاہے ، مودی نے جو بیانیہ اپنایا اس سے اسے بہت نقصان پہنچا ہے ، ہم امن چاہتے ہیں،بھارت سے بات چیت کیلئے تیار ہیں ۔ابراہم اکارڈ سے متعلق دبائو آیا تو اپنے مفادات دیکھیں گے ، قیامت کے دن فلسطینی شکایت کریں گے ، ڈیڑھ ارب مسلمانوں کا حساب ہوگا۔
