واشنگٹن/نئی دہلی: امریکی کانگریس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے رواں سال مئی میں پاک بھارت جنگ میں فوجی برتری حاصل کی، جس میں چین نے اپنے دفاعی نظام کو آزمایا۔
امریکی کانگریس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین نے 2024ء اور 2025ء میں پاکستان کے ساتھ عسکری تعاون بڑھایا جس میں مشترکہ مشقیں، انسدادِ دہشت گردی ڈرلز اور پاکستان کی کثیرالملکی امن مشقیں شامل تھیں۔
رپورٹ کے مطابق چار روزہ جھڑپ کے دوران پاکستان کی چینی ہتھیاروں کے ساتھ کارکردگی نمایاں رہی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا چینی ہتھیاروں کی مدد سے بھارت کے فرانسیسی رافیل طیاروں کو نشانہ بنانا، چینی اسلحے کی فروخت کے لیے ایک مؤثر دلیل بن گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع تھا کہ چین کے جدید ہتھیار HQـ9 میزائل ڈیفنس سسٹم، PLـ15 ایئر ٹو ایئر میزائلز اور Jـ10 لڑاکا طیارے براہِ راست جنگ میں استعمال ہوئے جو چین کے لیے عملی میدان میں ایک بڑا تجربہ ثابت ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ چین نے جون 2025ء میں پاکستان کو Jـ35 جدید لڑاکا طیارے، KJـ500 ایئرکرافٹ اور بیلسٹک میزائل ڈیفنس سسٹمز فروخت کرنے کی منظوری دی۔
رپورٹ کے مطابق اْسی ماہ پاکستان نے 2025ـ2026ء کے دفاعی بجٹ میں 20 فیصد اضافے کا اعلان کیا جس سے مجموعی بجٹ میں کمی کے باوجود دفاعی اخراجات 9 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔امریکی کانگریس کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی کامیابی کو دیکھ کر انڈونیشیا نے رافیل طیاروں کی خریداری کا منصوبہ ختم کر دیا جبکہ رافیل طیاروں کی عالمی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا۔
ادھربھارتی سیاسی و عسکری قیادت کے کھوکھلے دعوے فضائی ناکامی سے زمین بوس ہوگئے جب کہ بھارتی ڈھکوسلے اور غرور کے برعکس پاکستان کی فضائی حدود کی بندش نے ائیر انڈیا کے چھکے چھڑا دیے۔آپریشن سندور میں ہونے والی تاریخی ہزیمت، بھاری مالی نقصان اور فضائی ناکامی سے بھارتی قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار حکمتِ عملی نے بھارت کو نہ صرف عسکری میدان بلکہ معاشی محاذ پر بھی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔فضائی راستوں کی بندش سے 4,000 کروڑ سے زائد کے نقصانات کے باجود افغانستان کیساتھ فضائی راستوں سے تجارت مضحکہ خیز ہے۔
بھارتی عسکری قیادت کی” ٹریلر والی گیدڑ بھبکیاں” اس کی ناکامی کا اعتراف ہے، دوسری طرف کروڑوں روپے میں سبسڈی کا مطالبہ اصل میں بھارت کی ناکام پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔بھارتی میڈیا “ریپبلک نیوز “نے معرکہ حق میں ہزیمت اورپاکستان کے ہاتھوں 4ہزار کروڑ روپے کے نقصانات کا اعتراف کرلیا۔
ائیر انڈیا نے پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے4ہزار کروڑ روپے کا بھارتی حکومت سے مطالبہ کر دیا۔ریپبلک نیوز کی رپورٹ کے مطابق ائیر انڈیا نے بھاری نقصان سے بچنے کیلئے چین کی فضائی حدود استعمال کرنے کیلئے حکومت سے رجوع کرلیا، آپریشن سندور میں پاکستانی فضائی حدود کی بندش نے بھارتی ائیرلائن کو طویل راستے اختیار کرنے پر مجبور کیا۔
بھارتی سیاسی و عسکری قیادت ہر محاذ پر پاکستان سے عبرتناک شکست کے بعد شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت ہر محاذ پر عبرت ناک شکست کے بعد غیر معمولی اعصابی دباؤ میں ہے اور حکومتی سطح پر پالیسیوں کا بحران نمایاں ہو چکا ہے جبکہ پاکستان کی مؤثر حکمت عملی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ جارحانہ مہم جوئی، غلط بیانی اور پراپیگنڈا حقیقت کے سامنے زیادہ دیر قائم نہیں رہتے۔

