جنگی جنون برقرار، بھارت کا شہری دفاع کی مشقوں کا اعلان

نئی دہلی : جنگی جنون میں مبتلا مودی حکومت نے ایک بار پھر شہری دفاع کی مشقوں کا اعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی سرحد پر واقع 4 بھارتی ریاستوں پنجاب، ہریانہ، راجستھان اور مقبوضہ کشمیر میں کل شہری دفاع کی مشقیں ہوں گی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی سرحد پر واقع 4 بھارتی ریاستوں میں شہری دفاع کی مشقوں کے دوران سائرن بجائے جائیں گے، بجلی بند ہوگی۔شہری دفاع کی مشقوں میں ہوائی حملے کے وارننگ سسٹم کی صلاحیت اور کنٹرول رومز کی فعالیت کا اندازہ لگایا جائے گا۔
شہریوں بالخصوص طلبا کو شہری دفاع کے پہلوں پر تربیت دی جائے گی تاکہ جنگ کی صورت میں خود کو محفوظ رکھا جا سکے۔ بلیک آئوٹ کر کے رات کے وقت فضائی نگرانی یا حملوں کے دوران اہداف بننے سے بچنے کی تربیت بھی دی جائے گی۔ سول ڈیفنس کی خدمات، بشمول وارڈن سروسز، فائر فائٹنگ، ریسیکو آپریشنز، اور ڈپو مینجمنٹ کی ایکٹیویشن کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔