پاک بھارت دیرینہ تنازعات حل ہونے کا امکان پیدا ہوگیا، امریکا

واشنگٹن : امریکا نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں اپنے کردار کے موقف کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات امید افزا ہے کہ امریکی شمولیت اور معاونت کے سب حالیہ جنگ بندی ہوئی ، پاک بھارت دیرینہ تنازعات حل ہونے کا امکان پیدا ہوا ہے، دونوں ممالک میں دیرینہ مسائل کی وجہ سے خطے میں دہشت گردی ہورہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات دنیا کے مشاہدے میں آئی کہ دیرینہ مسائل حل نہیں ہوئے ہیں ، تاہم دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تنازعات حل ہونے کا امکان پھر سے پیدا ہواہے اوریہ دونوں ملکوں کیلئے موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات امید افزا ہے کہ امریکی شمولیت اور معاونت کے سبب پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ہوئی ، اچھی خبر یہ ہے کہ حریف جنگ بندی جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ جانتے ہیں پاکستان اور بھارت مکمل جنگ شروع کرنے کے بہت قریب تھے، امریکا کی مدد نے پاک بھارت جنگ کو روکنے میں کردار ادا کیا جو خوش آئند ہے۔ اچھی خبر یہ ہے دوسرے خطوں کے برعکس جنگ بندی کاعہد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتی اہلکاروں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ غزہ میں متاثرین تک امداد پہنچے، ایران کے ساتھ مذاکرات کا پانچواں دور ہو رہا ہے، ہم سمجھتے ہیں ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں ممالک کے لیے ایک سنہری موقع ہے کہ وہ دیرپا امن کے لیے آگے بڑھیں۔ٹیمی بروس نے اس بات پر زور دیا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں جنگ بندی جاری رکھنے کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہیں۔