آرمی چیف کی بھارتی حملے کے زخمیوں کی عیادت۔ دشمنوں کو سخت انتباہ

راولپنڈی : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص اور معرکۂ حق کے دوران زخمی ہونے والے بہادر جوانوں اور معصوم شہریوں کی خیریت دریافت کی۔

دورے کے دوران آرمی چیف نے ہر زخمی اہلکار سے انفرادی ملاقات کی، ان کی قربانی اور بہادری کو سراہا، اور اُن کی بحالی کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ “پاکستان کی سلامتی ہمارے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں سے جڑی ہے، اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔”

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم جانتے ہیں کہ ملکی سالمیت کا دفاع کیسے کرنا ہے، اور بھارت کی 13 لاکھ فوج بھی ہمیں مرعوب نہیں کر سکتی۔”

دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ “اب ہمارے جواب کا انتظار کرو” صرف ایک بیان نہیں تھا بلکہ ایک عملی حقیقت تھی، جو دنیا نے دیکھ لی۔

دفاعی ماہرین کے مطابق، پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے کر واضح کر دیا ہے کہ قومی اتحاد، عسکری صلاحیت اور ایمان سے لیس افواج کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔