اسلام آباد/کراچی/لاہور/پشاور/کوئٹہ:ملک بھر میں فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔شرکاء نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے صہیونی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا۔
ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جمعیت علماء اسلام(ف)،جماعت اسلامی،سنی تحریک،پاکستان تحریک انصاف ودیگر جماعتوں کی جانب سے اٹک، ٹیکسلا، خانپور، خانیوال ،فاروق آباد،ساہیوال، وزیر آباد، بھلوال، وہاڑی ، مری، بہاولپور،حیدرآباد میں مظاہرے کیے گئے۔
جیکب آباد، سانگھڑ، ٹھل، لاڑکانہ، نوشہروفیروز،سجاول، جامشورو،بدین، سوات، ایبٹ آباد، لوئردیر،ہری پور، مردان،مانسہرہ،آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد، پلندری، راولاکوٹ، باغ میں ریلیوں اور مظاہروں میںمظاہرین نے اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔
اس موقع پر فلسطینی مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔کراچی میں جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے مطاہرے کے دوران شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔
منعم ظفر نے کہا کہ فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہر پاکستانی کو آواز بلند کرنی چاہیے اور عملی اقدامات کرتے ہوئے غاصب ریاست کے معاشی بائیکاٹ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 13 اپریل کو ہونے والے غزہ مارچ میں بھرپور شرکت کر کے فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ پاکستانی عوام مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسلام آباد آبپارہ چوک میں جماعت اسلامی کا غز، ہ کے حق میں مظاہرہ کیا گیا مظاہرین کی جانب سے آگے بڑھنے کی کوشش کی گئی اس دوران ان کا پولیس سے آمنا سامنا ہو گیا۔خیبرپختونخوا میں بھی جماعت اسلامی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اپنی پارٹیوں کے جھنڈوں کے ساتھ فلسطین کے جھنڈے، بینرز اور پلے کارڈز بھی لہرائے جن پر دجالی فوج کے خلاف اور غزہ کی حمایت میں نعرے درج تھے۔
مظاہرین نے دجالی وزیراعظم اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پتلے بھی نذر آتش کیے۔پشاورکے تاجروں نے بھی قصہ خوانی میں احتجاج کیا جس میںشہر بھر کے تاجروں نے شرکت کی اور دجال کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
دوسری جانب لاہورمال روڈ پر جماعت اسلامی کی طرف سے غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل ہمارے بچوں کو قتل کر رہا ہے، نیتن یاہو سن لو ایک، ایک بچے کے خون کا حساب لیں گے۔
اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم کر رہا ہے، اسرائیل کو طاقت امریکا سے ملی ہوئی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے حکمران، اپوزیشن والے امریکا کی مذمت کیوں نہیں کر رہے، سب لائن لگا کر کھڑے ہیں کہ ٹرمپ آشیرباد دے، حکمرانو اور نام نہاد لیڈرو تم انجمن غلامان امریکا بنے ہوئے ہو۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیل کی تاریخ ہے یہ انبیا کے قاتل ہیں، حکمرانو ہوش کے ناخن لو،زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھو، اسرائیل کو واضح پیغام دو، اینف از اینف۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ فیصل کراچی میں بڑا غزہ مارچ ہوگا، کون تھے وہ غدار صحافی جو اسرائیل گئے تھے، اسرائیل جانے والے صحافیوں کو بے نقاب کیا جائے۔
کبھی اسرائیل کے حق میں بولنے کا سوچنا بھی ناں، اسرائیل کے حق میں بولنے والوں کو عوام عبرت کا نشان بنا دیں گے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، ایک ہی ریاست فلسطین کی ریاست ہے، مسجد اقصیٰ ہمارا عقیدہ اور روح ہے، غزہ کے شہریوں کا پانی بند اور اوپر سے بمباری ہو رہی ہے، کہاں ہیں انسانی حقوق کے چیمپئن؟۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں ہڑتال کی کال دیں گے، تاجر برادری سے مشاورت کریں گے، ہم دنیا کو بتائیں گے کہ ہم دہشت گرد امریکا، اسرائیل کے ساتھ نہیں، ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مصر، اردن، سعودی عرب سے کہنا چاہتا ہوں فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہوجائیں، پوری دنیا میں ہر پیدا ہونے والا مسلمان بچہ حماس بنے گا۔
حماس ظلم کے خلاف جدوجہد کا استعارہ ہے، حماس کو تسلیم کیا جائے اور اس کا پاکستان میں دفتر کھولا جائے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ غداروں پر بھی نظر رکھنا ہوگی، چچا، بھتیجی مل کر بھی اتنا بڑا جلسہ نہیں کر سکتے،اتوارکوشاہراہ فیصل پر انسانوں کا سمندر ہوگا۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 18 اپریل کو ملتان اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں تاریخی مارچ ہوگا۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی نے فلسطین میں مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے ۔
ضلع کچہری راولپنڈی و جوڈیشل کمپلیکس کی تمام دکانوں پر اسرائیلی مصنوعات کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی مصنوعات کی خرید وفروخت میں ملوث پائے جانے والے شخص کی دکان یا کھوکھے کا اجازت نامہ فوری منسوخ کردیا جائے گا۔
ایسوسی ایشن نے پوری قوم سے اسرائیل کی تمام مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کے ساتھ تاجر برادری سے بھی اپیل کی ہے وہ اپنی دکانوں سے ہر قسم کی اسرائیلی مصنوعات فوری طور پر ہٹا دیں اس امر کا اعلان گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار کے جناح ہال میں منعقدہ ایسوسی ایشن کے جنرل باڈی اجلاس میں کیا گیا بعد ازاں وکلا کی بڑی تعداد نے کچہری چوک تک یکجہتی فلسطین مارچ کیا۔
وکلا قائدین نے کہا کہ ہمیں اسرائیل کی تمام مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کر دینا چاہیے یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ وہ فلسطین اور غزہ کے مسلمان بھائیوں پر ظلم جبر اور بربریت کے جو پہاڑ توڑ رہے ہیں اس کے باوجود امت مسلمہ کے علمبردار ممالک ان کے خلاف زباں بندی کئے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بار کے صدر سردار منظر بشیر اور جنرل سیکرٹری اسد محمود ملک و دیگر عہدیداران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اتنے بڑے مقصد کے لئے جنرل باڈی اجلاس طلب کر کے مظلوم فلسطینیوں کی آواز کو پاکستانی عوام اور عالم اسلام تک پہنچانے کے لئے بارش کے پہلے قطرے کا کردار ادا کیا۔
غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے تحت پشاور میں خواتین نے احتجاجی مارچ کیا۔ مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی عبدالواسع اور امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور بحراللہ ایڈووکیٹ نے کی۔
مارچ ہشتنگری سے شروع ہوکر اشرف روڈ اور جی ٹی روڈ پر اختتام پذیر ہوا۔ احتجاج میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے فلسطینی پرچم، احتجاجی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے غزہ میں شہید ہونے والے بچوں کی علامتی لاشیں اٹھا کر اسرائیلی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں اور شہریوں کو بے دردی سے شہید کیا جا رہا ہے جبکہ عالم اسلام خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل معاہدے کے باوجود فلسطینی آبادی پر مسلسل بمباری کر رہا ہے، عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو فوری کردار ادا کرنا ہوگا۔
بحراللہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ مظاہرہ ان تمام حکومتوں کے خلاف ہے جو دنیا میں امن نہیں چاہتیں جبکہ حکومت پاکستان کی خاموشی افسوسناک ہے۔احتجاجی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے عبدالواسع نے کہا کہ فلسطین ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے، وہاں معصوم بچوں کو بارود کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قوم امریکہ اور اسرائیل کی غلام بن چکی ہے، حکمرانوں کو سوچنا ہوگا کہ اگر ہم اپنے مسلمان بھائیوں کو ظلم سے نہیں بچا سکتے تو ہمارے ایٹمی اثاثے کس کام کے ہیں۔
جیکب آبادمیں جے یو آئی کی جانب سے غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور نسل کشی کے خلاف مظاہرہ اور دھرنا، حکومت اور عوام سے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ مطالبہ کیا گیا۔ ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، حافظ میر محمد بنگلانی، مولانا نصراللہ گھنیو، حماد اللہ انصاری، بابو بلوچ، چاکر خان جکرانی اور دیگر کی قیادت میں ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا۔
مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز تھے مظاہرین نے مختلف راستوں پر پیدل مارچ کرکے اسرائیل مردہ باد، امریکا مردہ باد کے نعرے لگائے،مظاہرین نے شہر کے اہم ڈی سی چوک اور بعدازاں پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب میں کہا امریکا اور اسرائیل غزہ کے 50 ہزار فلسطینیوں کے قاتل ہیں اور دنیا کے بدترین دہشت گرد ہیں، غزا لہو لہان ہے جہاں انسانیت شرما رہی ہے،انہوں نے کہا کہ مسلسل بارود اور بموں کی برسات سے غزہ کے مظلوموں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔
فلسطینی قیدیوں کو زہریلے کیمیکل سے جلانا، بجلی کے جھٹکے، کتے چھوڑنا اور جنسی استحصال جیسے اذیت ناک مرحلوں سے گزارا جاتا ہے جو کہ انسانی حقوق کو روندنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے حکومت اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔