لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعظم سواتی نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے بانی پی ٹی آئی کی اجازت سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ سے رابطوں کا آغاز کردیا ہے اور بدھ کو خاص شخصیت سے ملوں گا۔
کامیابی کے حوالے سے سو فیصد پرامید ہوں ،دوست ممالک بھی بات چیت کے عمل میں آگے آئیں گے، امریکا میں جو پاکستانی دوست ہیں بہت بڑا کام کرتے ہیں ، میرا ان سے رابطہ ہے، میری ملاقات کسی سے ہو جائے گی پھر کہہ سکوں گا میں کہاں تک جاسکوں گا۔
میری میٹنگ اسلام آباد میں ہوگی ، پہلی میٹنگ ابتدائی ہوگی ، ہوسکتا ہے 2 سے 4 دن پہلے یا 2 سے 4 دن بعد میں ہو۔ایک انٹر ویو میں اعظم سواتی نے کہا کہ چند لوگوں کے حوالے سے میری بانی پی ٹی آئی سے کوئی بات نہیں ہوئی ، پی ٹی آئی میں جتنے لوگ ہیں ان کی عزت کرتا ہوں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا اعظم تمہیں اجازت ہے بات کرو ، تم میرے وفادار ساتھی ہو، تم نے جتنی تکلیف اٹھائی ہے میں اس کی اونر کرتا ہوں، بانی نے کہا بات کرو ، ڈیل نہ کروں ، نہ ہی ڈیل میرا کام ہے۔
اعظم سواتی نے کہا کہ علی امین سے کہتا ہوں بات چیت کا عمل دوبارہ شروع کریں، میں نے اپنا بانی پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ میں ، عارف علوی اور کچھ اور لوگوں کو ملا کر اس عمل کو شروع کریں گے، ڈاکٹر علوی کو پیغام دیا ہے کہ اگلے بدھ کو میں کسی سے مل رہا ہوں، چاہتا ہوں ڈاکٹر علوی اور کچھ اور دوست بھی اس میں شامل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی انٹریگٹی بولتی ہے، انٹریگٹی کی بنیاد پر کہتا ہوں ، میں ریسٹورنٹ یا کسی جگہ جائوں، مجھے شرم آتی ہے میرا لیڈر جیل میں ہے ، میں چھوٹا آدمی ہوں میری کوئی گارنٹی نہیں لیتا، اپنے آپ کو دیکھتا ہوں تو دعا کرتا ہوں اتنا بڑا کام کرنے جا رہا ہوں میرے لئے راستے کھول دے۔
میری نیت ذات کیلئے نہیں ، 25کروڑ لوگوں اور پاکستان کیلئے ہے، اس بدھ کو میری ملاقات ہوتی ہے تو آگے کا لائحہ عمل بعد میں بتا سکوں گا۔