اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کا بن قاسم ریلوے ٹریک پر دھرنا، ٹرین آپریشن معطل

کراچی:پاکستان اسٹیل ملز کے بر طرف ملازمین کا بن قاسم ریلوے ٹریک پر دھرنا جاری ہے جس کے باعث کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے والی ٹرین سروس معطل ہے۔

احتجاج میں شامل ایک شخص دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا، مظا ہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ 6 ہزار ملازمین کو بحال کیا جائے، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ہائی وے بھی بلاک کریں گے۔

اسٹیل ملز کے سیکڑوں برطرف ملازمین احتجاجاً قومی شاہراہ سے ریلوے ٹریک پر منتقل ہوئے جس کے بعد پپری ریلوے اسٹیشن کے دونوں ٹریک مکمل طور پر بند ہونے سے اندرون ملک سے کراچی آنے والی ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہوگئی۔

ڈی ایس ریلویز کراچی ناصر خلیلی کے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے اسٹیل مل ملازمین نے ٹریک بند کیا ہوا ہے اور احتجاج کے باعث ٹرین کا آپریشن معطل ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاؤن ٹریک پر ملت، گرین لائن، کراچی ایکسپریس اور شاہ حسین ٹرین رکی ہوئی ہیں اور اپ ٹریک پر رحمان بابا، علامہ اقبال ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس رکی ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ مظاہرین ہم سے بات نہیں کر رہے، ہم نے ضلعی انتظامیہ سے بھی بات کرنے کی کوشش کی ہے اور اسٹیل مل انتظامیہ سے مذاکرات کیلئے رابطہ کررہے ہیں۔