حکومت کے دعوے دھرے رہ گئے، عوام کیلئے صحت اور تعلیم مزید مہنگی ہو گئیں

اسلام آباد:حکومت کے دعوے دھرے رہ گئے غربت کی چکی میں پستے عوام کے لیے زندگی کی بنیادی ضرورت صحت اور تعلیم مزید مہنگی ہو گئی۔

نجی ٹی وی کو موصول ہونیوالی حکومتی دستاویز کے مطابق ایک ماہ کے دوران صحت کی سہولتیں 14.76 فیصد جب کہ تعلیم کی سہولتیں 7.96 فیصد مہنگی ہوئیں۔دستاویز کے اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ ایک ماہ میں شہروں میں صحت کی سہولتیں مجموعی طور پر 14.76 فیصد جب کہ دیہات میں یہ اضافہ 12.84 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

ایک ماہ کے دوران دواؤں کی قیمت میں 15.26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ڈینٹل سروسز 27.20 فیصد، ڈاکٹر کی فیس 14.80 فیصد بڑھی جب کہ میڈیکل ٹیسٹ ایک ماہ میں 15.53 فیصد مہنگے ہوئے۔

ماہانہ بنیادوں پر تھراپی کا ساز وسامان 94.92 فیصد مہنگا ہوا۔ اسی عرصے میں اسپتال سروسز 12.92 فیصد مہنگی ہوئیں۔ایک ماہ کے دوران شعبہ تعلیم میں بھی مہنگائی ہوئی۔

ایک ماہ کے دوران شعبہ تعلیم میں بھی مہنگائی ہوئی اور دیہات میں اس مدت کے دوران تعلیم کی سہولتیں ریکارڈ 25.88 فیصد مہنگی ہوئیں نصابی کتب 8.99 فیصد مہنگی ہوئیں۔

شہروں میں تعلیمی سہولتیں 7.96 فیصد مہنگی ہوئیں۔ شہروں میں اس مدت کے دوران کتابیں 4.64 اور اسٹیشنری 7.86 فیصد مہنگی ہوئی۔