ڈیرہ اسماعیل خان،فورسز کاآپریشن، سرغنہ سمیت 9 خوارج ہلاک

راولپنڈی:ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی فورسز نے خفیہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے سرکردہ خارجی لیڈر شیریں سمیت 9 خوارج کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 6 اور 7 اپریل کی درمیانی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تکواڑہ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔

اس دوران سیکورٹی فورسز نے کامیابی سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی اہلکاروں کی خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 9 خوارج مارے گئے، آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والوں میں ایک انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ شیریں بھی شامل تھا جبکہ مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خارجی لیڈر شیریں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا جبکہ وہ متعدد بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے علاوہ 20 مارچ کو شہید ہونے والے کیپٹن حسنین اختر کی شہادت کا ذمہ دار بھی تھا۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا ہے کہ آپریشن کے نتیجے میں گھناؤنے فعل کا بدلے لیتے ہوئے مرکزی مجرم کو انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا ہے، علاقے میں کسی ممکنہ خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا، سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

صدرمملکت آصف علی زرداری نے ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کارروائی میں دہشت گردوں کے سرغنہ کو ہلاک کرنا سیکورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، پاکستان کی سیکورٹی فورسز کا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کامیاب کارروائیاں کرنا خوش آئند ہے، دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ڈی آئی خان میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسزکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی آپریشن کے نتیجے میں 9 خوارجی دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکورٹی فورسز کی ستائش کی۔محسن نقوی نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی پوری قوم معترف ہے۔ قیام امن کے لیے پوری قوم سیکورٹی فورسزکے ساتھ کھڑی ہے۔