کراچی: وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ کا کہنا ہے کہ امتحانات میں انٹر سال اول کے طلبہ کے ساتھ ظلم ہوا ہے۔
انٹر کے طلبہ کے نتائج کا تناسب کم آنے کا معاملے پر قائم فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ کا کہنا تھا سندھ اسمبلی کی کمیٹی نے انکوائری کمیٹی کو تحقیقات کا مینڈیٹ دیا، کمیٹی نے انٹربورڈ کے انفرا اسٹرکچر اور انتظامی ڈھانچے پر سوالات کھڑے کیے جبکہ کمیٹی نے امتحانی نظام پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔
سردار شاہ نے کہا کہ امتحانات میں انٹرسال اول کے طلبہ کیساتھ ظلم ہواہے، بورڈ کی نااہلی کی وجہ سے بچوں کی حق تلفی نہیں ہونی چاہیے اس لیے 3 مضامین میں انٹر کے طلبہ کو اضافی نمبر دینے کا فیصلہ ہوا۔وزیر تعلیم نے کہا سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کام کرتی رہے گی، حکومت نے شفافیت کے ساتھ انکوائری رپورٹ کو من و عن قبول کیا اور انکوائری کمیٹی کی سفارشات میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔