بنوں، چوکی پر حملے میں ایک اہلکار شہید،3 زخمی،3 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر دہشت گرد حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے، 3 دہشت گرد بھی مارے گئے۔بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کیاگیا،دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

پولیس کے مطابق شہید اہلکارکی شناخت کانسٹیبل نیاز کے نام سے ہوئی، زخمیوں میں اہلکار منیر، سوداد اور مفتی محمود شامل ہیں، پولیس کی جانب سے موثر جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے، باقی فرار ہو گئے۔ڈی آئی جی بنوں کا کہنا ہے کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر ڈٹ کر کھڑی ہے، ہمارے جوان دشمن کے بزدلانہ حملوں کا بھرپور جواب دینا جانتے ہیں، دہشت گرد اس طرح کی کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں کے قریب پولیس چوکی فتح خیل پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے تاریکی میں حملہ کرنے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا، پولیس نے جرات سے حملہ ناکام بنایا اور 3 دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان دڑہ غونڈئی میں دہشت گردوں اور قبائلی رہنماء ملک عاشق نور کے قبیلے کے درمیان جھڑپ کا وقعہ پیش آیا ہے، اس جھڑپ میں ملک عاشق نور کے بھائی جان کی بازی ہار گئے ہیں، جب کہ ان کا دوسرا بھائی زخمی ہوگیا ہے۔

جھڑپ میں دہشت گردوں کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا، دہشت گردوں کا ایک کمانڈر موقع پر ہلاک ہوگیا اور متعدد دہشت گردوں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ملک عاشق نور کے 2 بھائی، صدراتی ایوارڈ یافتہ ملک اسلم نور اور ملک خادین بھی چند سال قبل دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہو چکے ہیں۔ملک عاشق نور کا تعلق احمدزئی وزیر قبیلے کے ذلی خیل شاخ سے ہے۔