پی ٹی آئی کا5اگست کو یوم سیاہ،اسلام آباد نہ جانے کا فیصلہ

پشاور:پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا نے5اگست کو بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف یومِ سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے اسلام آباد نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن مینا خان کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پشاور میں ریلی کی قیادت کریں گے جبکہ تمام اضلاع میں علیحدہ علیحدہ ریلیاں نکالی جائیں گی۔

مردان، صوابی اور نوشہرہ کے قافلے صوابی انٹرچینج پر جمع ہوں گے۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور شہرام ترکئی نے صوابی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کو ملک بھر میں پرامن تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔

اسد قیصر نے کہا کہ یہ دن بانی چیئرمین کی گرفتاری کے خلاف یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا، ان کی رہائی ان کا حق ہے، عدالتیں حکومتی دبائو میں فیصلے دے رہی ہیں۔اسد قیصر نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ وہ بانی کے مقدمات کو جلد نمٹائیں اور انصاف کو یقینی بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ بے توقیر ہو چکی ہے، اپوزیشن رہنمائوں کو ناحق سزائیں دی جا رہی ہیں۔اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی تو ایک گھنٹے میں ہوسکتی ہے لیکن وہ ڈیل نہیں کریں گے۔شہرام ترکئی نے کہا کہ ہم اسلحہ نہیں، قلم اور تجارت کے مواقع چاہتے ہیں، افغانستان سے تجارتی راستے کھولے جائیں۔

5اگست کو سفید، قومی اور پارٹی پرچموں کے ساتھ احتجاج ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پرامن ہیں لیکن اگر شرارت کی گئی تو کارکن بھرپور جواب دیں گے۔

بانی چیئرمین کے بیان پر کہ علی امین گنڈاپور وزیراعلیٰ کے منصب سے استعفا دے دیں، خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان فراز مغل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کے پی حکومت بانی چیئرمین کے ویژن کی نمائندہ ہے اور جب وہ چاہیں گے گنڈاپور عہدہ چھوڑ دیں گے۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ گنڈاپور کو اب تک اس بیان کی کسی مستند ذریعے سے تصدیق نہیں ملی۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خود کئی بار کہہ چکے ہیں کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے لیکن افسوس ہے کہ وہ اڈیالہ جیل میں اپنے قائد سے ملاقات تک نہیں کر سکتے، حالانکہ عدالتوں کے احکامات بھی موجود ہیں۔

ہری پور میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے بھی یوم سیاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ5اگست کا احتجاج ضلعی سطح پر ہوگا، کوئی مرکزی احتجاجی تحریک نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی نے علی امین گنڈاپور کے استعفے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔ عمر ایوب نے یہ بھی کہا کہ بانی کے بیٹے جب چاہیں پاکستان آسکتے ہیں، پی ٹی آئی کی پوری قیادت ان کا استقبال کرے گی۔